ٓٓٓپاکستان سمیت پوری دنیا میں آج گردوں کے مرض سے آگاہی کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔عالمی یوم گردہ دنیا میں ہر سال مارچ کی دوسری جمعرات کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد گردے کے امراض کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔
رواں برس اس دن کے لئے گردوں کی حفاظت کے حوالے سے موضوع منتخب کیا گیا ہے جس میں اس امر پر زیادہ زور دیا جا رہا ہے کہ گردوں کی حفاظت کی جائے تو دل کی بیماری سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریبا 50 کروڑ افراد گردے کے امراض میں مبتلا ہیں جن میں سالانہ 8 فیصد کا اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین طب کے مطابق گردوں کے بیشتر امراض کی بنیادی وجہ بلڈ پریشر اور شوگر کے مرض میں اضافہ ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی میں گردے کے مریضوں کو زیادہ پانی پینا چاہئے تا کہ یُورن میں پتھری بنانے والے اجزا کو خارج ہونے میں مدد ملتی رہے کیونکہ یہی رسوب دار اجزا کم پانی کی وجہ سے گردے میں جم کر پتھری کی شکل اختیار کرجاتے ہیں۔
دنیا کے اکثر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی مریض گردے کی تکلیف سے بر وقت آگاہ نہیں ہوتے جس سے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔ گردوں کو صحت مند رکھنے کے لئے بلڈ پریشر چیک کروانا، سگریٹ نوشی نہ کرنا، جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ اور وزن میں کمی فائدہ مند ہے جبکہ کم نمک والی خوراک بھی مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔