ہیڈ لا ئنز:۔
امریکا اور نیٹو سے تعلقات کا معاملہ مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں،وزیر اعظم
سزا یافتہ وزیراعظم سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر بات نہیں کی جاسکتی ، چوہدری نثار
ن لیگ آئندہ انتخابات میں بری طرح ناکام ہوگی، پرویز الٰہی
ملتان اور مردان میں لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر
روہڑی کینال میں بھکرجمالی کے مقام پر ڈیڑھ سو فٹ چوڑا شگاف، ہزاروں افراد متاثر
اور
بھا رت میں مو جو د پاکستانی سائنسدان خلیل چشتی کی 48 گھنٹوں کے اندر پاکستان آمد متوقع
خبروں کی تفصیل:۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نیٹو سپلائی ایک نہیں،48 ممالک سے تعلقات کا معاملہ ہے۔چینی میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ امریکا اور نیٹو سے تعلقات کا معاملہ مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں نیٹو سپلائی کی بحالی پر مذاکرات کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سمیت پوری دنیا سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہے۔اس سے پہلے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی بحال نہ کی تو پاکستان کے لئے مسائل پیدا ہوں گے۔حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی لائن بند کرنے کا فیصلہ درست تھا لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اسے بحال کیا جائے اوروہ خود بھی نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کی حامی ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ سزا یافتہ وزیراعظم سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر بات نہیں کی جاسکتی ۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن سے مشاورت کے بغیر چیف الیکشن کمشنر کا تقرر چاہتی ہے ۔
مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماچوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ن لیگ آئندہ الیکشن میں بری طرح ناکام ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں تبدیلی کا عمل شروع ہوچکا ہے اورلوگ خادم اعلی کے ظلم سے تنگ آچکے ہیں، شہباز شریف حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی عزت دار لوگ انہیں چھوڑ دیں گے۔چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ دوہزار آٹھ کے بعد ق لیگ ختم ہوگئی ان کے تمام دعوے غلط ثابت کردیے۔ انہوں نے کہا کہ جن پر ق لیگ نے اعتماد کیا اور جن کی مشاورت سے فیصلے کیے گئے، انہی افراد نے پارٹی کو دھوکا دیا۔
ملتان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے سیاسی جماعت کے بینرز پھاڑے اور بسوں پر لاٹھیاں برسائیں۔مردا ن میں بھی تحریک انصاف نے احتجاجی ریلی نکالی اور سڑکوں پر ٹائر جلائے۔ لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام نے ملتا ن میں مخدوم رشید چھٹہ پل پر احتجاجی مظاہر ہ کیااور اسے بلاک کردیا۔مشتعل مظاہرین نے بسوں پر لاٹھیاں بھی برسائیں اورسیاسی جماعت کے آویزاں بینرز پھاڑ دیئے۔ اس دوران پولیس کہیں دکھائی نہیں دی۔ ادھرمردان میں تحریک انصاف کے مرکزی سنیئر نائب صدر خواجہ محمد خان ہوتی کی قیادت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔مظاہرین نے کچہری چوک پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی۔جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
روہڑی کینال میں بھکرجمالی کے مقام پر150فٹ سے زائدچوڑا شگاف پڑگیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ سندھ حلیم عادل شیخ کے مطابق بھکر جمالی کے مقام پر روہڑی کینال میں شگاف کے باعث 30 سے زائد گاﺅں زیرآب آگئے ہیں۔ مشیروزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ شگاف پڑنے سے 50 ہزار افرادمتاثرہوئے ہیں، جنھیں کیمپوں میں منتقل کردیاگیاہے۔
بھارت میں موجود بزرگ سائنسدان ڈاکٹر خلیل چشتی اجمیر سے راجھدانی ایکسپریس کے ذریعے نئی دہلی روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ بھارتی وقت کے مطابق آج رات دس بجے نئی دہلی پہنچے گے۔ سما جی کا رکن انصار بر نی کے مطابق ڈاکٹر خلیل چشتی کی اڑتالیس گھنٹوں کے اندر پاکستان آمد متوقع ہے۔ انصار برنی کا کہنا تھا کہ منگل کو ڈاکٹر خلیل چشتی سفری دستاویزات سے متعلق پاکستانی ہائی کمیشن سے ملاقات کریں گے، انصار برنی کے مطابق ڈاکٹر خلیل چشتی کی ضمانت کے پانچ لاکھ روپے عدالت میں جمع کرادئیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر خلیل چشتی کو ان کا پرانا پاسپورٹ واپس کردیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ سفری دستاویزات مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر خلیل چشتی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچیں گے۔