PPI News Bulletin 2100 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

 

ہیڈ لا ئنز :۔

ن لیگ اور جے یو آئی نے طیارہ حادثے کے عدالتی کمیشن کو فراڈ قرار دیدیا
طیارہ حادثے میں تخریب کاری کا امکان رد نہیں کیاجاسکتا، ایف آئی اے
کراچی ایئرپورٹ پر رن وے کلیئر، پروازوں کی آمدورفت آٹھ گھنٹوں بعد بحال
پاک امریکا مذاکرات منگل کو اسلام آباد میں ہوں گے
پیپکو کا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کمی کادعویٰ
اور
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری ٹیسٹ کل کھیلا جائیگا

 

خبروں کی تفصیل :۔

طیارہ حادثے پر وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی ہدایت پر قائم عدالتی کمیشن کو مسلم لیگ ن اور جمعیت علماءاسلام نے فراڈ قرار دیدیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کا عدالتی کمیشن فراڈ ہے ، کمیشن میں حاضر سروس افسران کو شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن چیف جسٹس کی مشاورت کے بغیر بنایا گیا ہے اور وفاقی حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ۔ن لیگ کا کہنا ہے کہ کمیشن کے ارکان حکومت کے منظور نظرہیں اور حاضر سروس بھی نہیں ہیں۔ دوسری جانب جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کے لیے غیر جانبدارانہ کمیشن تشکیل دیاجائے۔

ایف آئی اے نے طیارہ حادثے میں تخریب کاری کا امکان ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ حتمی تحقیقات تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ حکام بالا کو پیش کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں تخریب کاری کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ رپورٹ میں حکام سے بدقسمت طیارے کا پرواز سے قبل تکنیکی ریکارڈ چیک کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔

کراچی ایئرپورٹ پر جہازکی ہنگامی لینڈنگ کے بعد بند ہونے والے رن وے کو کلیئر کردیا گیا ہے جس کے بعد ملکی و غیر ملکی پروازوں کی آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن ندیم یوسف زئی نے رن وے کلیئر ہونے کا اعلان کیاجس کے بعد معطل شدہ پروازوں کا نیا شیڈول ترتیب دینے کا آغاز ہوگیا ہے ۔ واضح ہے کہ آج صبح نجی ایئرلائن کے طیارے کا ٹائر پھٹنے اور فیول لیک ہونے کے باعث رن وے آٹھ گھنٹے سے بند تھا۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر بات چیت کا آغاز منگل کو ہوگا۔ مذاکرات میں نیٹو سپلائی کی بحالی، ڈرون حملوں کی بندش، پاک امریکا ، نیٹو اور ایساف تعلقات پر بات کی جائیگی۔واضح ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پارلیمنٹ نے اتفاق رائے سے منظور کی ہیں جس پر عمل درآمد کے لیے حکومت کی جانب سے بات چیت کی جارہی ہے۔

آبی ذرائع اور آئی پی پیز کی پیداوار بڑھنے سے بجلی کا شارٹ فال تین ہزار 500 میگاواٹ رہ گیا۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی ہو گئی۔پیپکو ترجمان کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 14 ہزار 776 اور پیداوار 11 ہزار 227 میگاواٹ ہو گئی۔ آبی ذرائع سے تین ہزار 477،تھرمل ایک ہزار 791 اور آئی پی پیز سے چھ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ کے ای ایس سی کو 700 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ پیپکو حکام کے مطابق پانی اور تیل کی فراہمی زیادہ ہونے سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ موسم کی گرمی کم ہونے سے طلب 15 ہزار میگاواٹ سے کم ہو گئی ہے۔ شارٹ فال کم ہونے سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ شہری علاقوں میں آٹھ اور دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹے رہ گیاہے۔

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ کل سے ڈومینیکا میں کھیلا جائے گا۔ 3 میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے. پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے 3 وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی جبکہ دوسرا ٹیسٹ بارش کے باعث ڈرا ہو گیا تھا۔ ڈومینیکا میں ہونے والے میچ پر بھی بارش اثر انداز ہو سکتی ہے۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریز ڈرا ہوچکی ہیں.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *