میموا سکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز پاکستان میں فوجی بغاوت سے متعلق دستاویزات میمو کمیشن کو دینے پر تیار ہو گئے ہیں۔ کمیشن کے روبرو بیان میں منصور اعجاز کا کہنا تھا کہ ان کا امریکہ میں تعینات سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی سے 10 سے سال سے رابطہ ہے۔منصور اعجاز نے کہا ہے کہ حسےن حقانی نے ان سے کہا تھا کہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پاکستان میں فوجی بغاوت ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد ایسی دستاویزات بھی ملیں جن سے حسین حقانی کے خدشے کی تصدیق ہو گئی۔ اس موقع پر
میمو کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے سوال کیا کہ آپ کے پاس یہ اہم دستاویزات کہاں سے آئیں ،جس کا منصور اعجاز نے کوئی بھی جواب دینے سے انکار کیا۔ تاہم انھوں نے فوجی بغاوت سے متعلق دستاویزات کمیشن کو دینے پر رضامندی ظاہر کی۔جسٹس قاضی فا ئز عیسیٰ نے ہدایت کی کہ یہ دستاویزات سیل کرکے سیکرٹری کمیشن کو دی جائیں، سیکرٹری کمیشن خود کمیشن کو دستاویزات پہنچائیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی کے منصوبے پر کسی سے ڈکٹیشن نہیں لی جائے گی۔ یہ بات انھوں نے برطانوی سیکرٹری آف سٹیٹ برائے بین الاقوامی ترقی اینڈریو مچل سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ کئے جانیوالے معاہدے پر عملدرآمد کرے گا۔صدر زرداری نے کہا کہ عسکریت پسندی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، تاہم پاکستانی قوم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
امریکی اعتراضات مسترد کرتے ہوئے پاکستان نے ایران کے ساتھ گیس منصوبہ جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزےر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاک ایران توانائی منصوبہ ملکی مفاد کے تحت آگے بڑھائیں گے اور بغیر کسی غیر ملکی دباو کے ایران کے ساتھ گیس منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری ملکی معیشت کے لئے فائدہ مند ہے، بھارت کے ساتھ تجارت کا مطلب مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مارچ کے دوسرے ہفتے میں پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پارلیمنٹ میں آجائیں گی اور نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
سینیٹ انتخابات کل ہورہے ہیں، جس کے دوران 45 نشستوں پر 98 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پنجاب میں سینیٹ کی سات نشستوں پر آٹھ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جبکہ خواتین، ٹیکنو کریٹس، علماءاور اقلیتوں کے لئے مخصوص نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں سینیٹ کیلئے امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں، اور دس نشستوں پر اب تیرہ امیدوار مدمقابل آئیں گے۔ٹیکنو کریٹس کی نشست پر پیپلزپارٹی کے عبدالحفیظ شیخ اور ایم کیو ایم کے فروغ نسیم پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔خیبرپختونخواہ میں کوئی امیدوار بلامقابلہ منتخب نہیں ہوسکا اور تیرہ نشستوں کیلئے پچیس امیدوار سینیٹر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔بلوچستان سے سات عام نشستوں کیلئے 19، خواتین کی دو نشستوں کیلئے نو، علماءاورٹیکنو کریٹس کی دو نشستوں کیلئے آٹھ جبکہ ایک اقلیتی نشست کیلئے پانچ امیدواروں کے
درمیان مقابلہ ہوگا۔فاٹا کی چار نشستوں کیلئے گیارہ امیدوار آمنے سامنے ہیں، جبکہ اسلام آباد سے ٹیکنو کریٹ کی ایک نشست ق لیگ کے سید مشاہد حسین اور عام نشست سے پیپلز پارٹی کے عثمان سیف اللہ بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 11.4 فیصد جبکہ نان فوڈ آئٹمز کی قیمتوں میں 10.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق جولائی سے دسمبر 2011ءکے دوران دودھ کی قیمت 21.4 فیصد، پھل 20 فیصد، گوشت 25 فیصد، گھی 19 فیصد، خوردنی تیل 21 فیصد، چاول 18 فیصد اور مشروبات کی قیمتوں میں 36 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبہ بندی کمیشن نے مہنگائی کا ذمے دار حکومتی اخراجات پورے کرنے کے لئے نجی بینکوں سے 835 ارب روپے کے حکومتی قرضوں کو قرار دیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مجوزہ ون ڈے سیریز کیلئے بنگلہ دیش کا سیکیورٹی وفد کل پاکستان پہنچے گا۔پاک بنگلہ دیش میچز اپریل میں کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، کراچی میں دو جبکہ لاہور میں ایک میچ کھیلا جائے گا۔پی سی بی نے بنگلہ دیشی ٹیم کیلئے سیکیورٹی پلان بھی تیار کرلیا ہے، جس کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم کو سارک کانفرنس کی طرز کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔سیکیورٹی پلان کے تحت بنگلہ دیش کی ٹیم کو پانچ بلٹ پروف گاڑیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ چار ہیلی کاپٹرز بھی سیکیورٹی پر موجود ہوں گے۔ پاک بنگلہ دیش میچز کے ٹکٹ کا اجراءنادرا خصوصی طور پر کرے گا۔
