دہری شہریت کیس،رحمان ملک کے خلاف چیرمین سینیٹ کارروائی کریں ،الیکشن کمیشن
عدالت میں پیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کروں گا، رحمان ملک
جماعت اسلامی کا ایم ایم اے میں شمولیت کا وقت گزر گیا ،مولانا فضل الرحمان
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس،صدرزرداری گستاخانہ فلم پرقراردادمذمت پیش کرینگے
ورلڈٹی20 ،ویسٹ انڈیز کے خلاف آ ئرلینڈکی بیٹنگ جا ری
اور
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان
خبروں کی تفصیل:۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ وفا قی وزیرداخلہ رحمان ملک کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیرمین سینیٹ کارروائی کریں۔اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق 11 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کو معطل کرتے ہوئے نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،اس سے متعلق درخواستیں متعلقہ سیشن جج کو بھیجی جارہی ہیں تاکہ وہ کارروائی شروع کرسکیں۔سیکر ٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ رحمان ملک سے متعلق کارروائی چیئرمین سینیٹ کریں گے جس کے بعد وہ الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے ایک ریفرنس بھیجیں گے جس کے بعد ان کی اہلیت کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ اگر30 روز کے اندرچیرمین سینیٹ نے رحمان ملک سے متعلق ریفرنس نہ بھیجا تو الیکشن کمیشن خود کارروائی کرے گا۔سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے مزید کہا کہ رحمان ملک ابھی تک سینیٹرہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کے فیصلے پر اپنے رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ان دنوں مالدیپ میں جہاں انہیں دوہری شہریت سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ وہ سیشن جج کی عدالت میں خود پیش ہوں گے اور عدالت کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ایم ایم اے کی بحالی کیلئے جماعت اسلامی کا مزید انتظار نہیں کیا جائے گا،جماعت اسلامی کا ایم ایم اے میں شمولیت کا وقت گزر گیا ۔ پشاورمیں پیپلز پارٹی شیرپاو کے رکن صوبائی اسمبلی عتیق الرحمان نے جمعیت علماء اسلام ف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پرجے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم ایم اے کی بحالی سے متعلق جماعت اسلامی کے مطالبات جائز نہیں اور جماعت اسلامی کا ایم ایم اے میں شمولیت کا وقت گزرچکا ہے ،تاہم جماعت اسلامی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران گستاخانہ فلم پر قرار داد مذمت پیش کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ کے شہر نیو یارک پہنچ گئے ہیں۔ صدر زرداری منگل کو شروع ہونے والے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدرزرداری اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب میں توہین رسالت کے حوالے سے بھی بات کریں گے اور اسے بین الاقوامی سطح پر جرم قرار دینے کا مطالبہ کریں گے۔ صدر پاکستان اپنے خطاب کے دوران گستاخانہ فلم پر قرار داد مذمت بھی پیش کریں گے۔ اور عالمی رہنماو¿ں کو پاکستانیوں کے جذبات سے آگاہ کریں گے۔
ورلڈ ٹی 20 کرکٹ میںویسٹ انڈیزکے خلاف آئرلینڈکی بیٹنگ جا ری ہے،کو لیمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیزنے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،گروپ بی میں دونوں ٹیموں نے آسٹریلیا کے خلاف ایک ایک میچ کھیلا ہے، جس میں دونوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، آج کی فاتح ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنالے گی۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق آ ئندہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔تاہم گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بار ش کا امکان ہے۔آج ملک کے چند شہروں مےں زےادہ سے زےادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کچھ اس طرح رہا ۔اسلام آباد32اور 18، لاہور36اور22، کراچی31اور26، پشاور33اور21، کوئٹہ30اور17، مظفرآباد34اور17، ساہیوال 35اور20سرگودھااور بہاولنگر37اور24، فیصل آباد37اور23جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میںزیادہ سے زیادہ 34اورکم سے کم22ڈگری سینٹی گریڈرہا۔