بلوچستان مسئلے کے حل کیلئے ہم پاکستان کو تسلیم کرنے والی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
ملالہ یوسف زئی پر فائرنگ کرنے والے دو نوجوانوں کی شناخت ہوگئی، وفاقی وزیر داخلہ
اورکزئی ایجنسی میں امریکی ڈرون حملہ، ہلاکتیں دس ہوگئیں
کراچی ٹارگٹ کلنگ میں ڈرگ مافیا بھی ملوث ہے، آئی جی سندھ
قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ بیس اکتوبر کو لاہور میں ہوگی
قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں کمی کا اعلان
اور
ملک کے بیشتر علاقوں میں مو سم خشک رہنے کاامکان
خبروں کی تفصیل:۔
وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بلوچستان مسئلے کے حل کیلئے ہم پاکستان کو تسلیم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں بلوچستان کمیٹی نے صوبے کے مسائل کے حل کیلئے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے، انھوں نے بتایا کہ بلوچستان میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، کمیٹی میں وزیراعلیٰ، گورنر اور کور کمانڈر شامل ہوں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ صوبے میں تمام مسلح گینگ ختم کرنے جبکہ صوبے میں تقرر و تبادلوں کے حوالے سے پالیسی تیار کرلی گئی ہے، جس کے تحت صوبائی اداروں میں تمام اسامیاں تیس روز میں پر کی جائیں گی۔انکا کہنا تھا کہ بلوچستان کمیٹی کی رپورٹ جلد منظرعام پر لائیں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں مل کر ظالمان کی سوچ کیخلاف مزاحمت کرنا ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر فائرنگ کرنے والے دو نوجوانوں کی شناخت ہوگئی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملے کی پلاننگ کرنے والوں کا علم ہوگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پتہ چل گیا ہے کہ سازش کس نے کی اور کہاں سے ہوئی۔انھوں نے مزید کہا کہ صدر زرداری نے ملالہ یوسف زئی کو جرمنی بھجوانے کی ہدایت کردی۔رحمن ملک کا کہنا تھا کہ علمائے کرام ملالہ پر قاتلانہ حملے کیخلاف فتویٰ جاری کریں۔
اپراورکزئی ایجنسی میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکتوں کی تعداد دس ہوگئی۔اپراورکزئی ایجنسی کے علاقے بلند خیل میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک مدرسے پر چار میزائل داغے جس سے دس افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق حملہ خلیفہ مرکز پر ہوا جس میں طالبان کمانڈر شاکر اللہ کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔
آئی جی سندھ فیاض لغاری کا کہنا ہے کہ کراچی میں سوچی سمجھی سازش کے تحت فرقہ وارانہ طور پر لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ڈرگ مافیا بھی ملوث ہے۔کراچی میں آئی جی سندھ فیاض لغاری نے صنعت کاروں سے ملاقات کی، جس میں صنعتی زون میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ صنعتی زون میں پولیس کی پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا، شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ سازش ہے۔
پہلی قومی مینز اینڈ ویمنز سائیکلنگ چیمپئن شپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ کا کہنا ہے کہ پہلی قومی مینز اینڈ ویمنز ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ 20 اکتوبر کو لاہور میں شروع ہوگی۔دو روزہ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے تمام ملحقہ یونٹس سمیت صوبائی ٹیموں کو دعوت نامے بھجوا دئیے گئے ہیں۔
قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں کمی کا اعلان کردیا گیا۔ بہبود سرٹیفکیٹ کی شرح منافع 54 بیسس پوائنٹ کمی سے 12.96 فیصد ہوگیا ہے۔ اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 80 بیسس پوائنٹ کی کمی سے 10فیصد اور ڈیفنس سرٹیفکیٹ 46 بیسس پوائنٹ کمی سے 11.04 فیصد ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آ ئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مو سم خشک رہے گا،تاہم کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے۔آج ملک کے چند شہروں مےں زےادہ سے زےادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد31اور 15، لاہور34اور20، کراچی33 اور24، پشاور33اور19، کوئٹہ29اور05، مظفرآباد33 اور14، ساہیوال 35 اور 18 سرگودھا36اور19 بہاولنگر37اور22،فیصل آباد34 اور18 جبکہ ڈیرہ اسما عیل خان میںزیادہ سے زیادہ 34اورکم سے کم16ڈگری سینٹی گریڈرہا۔