Kishore Kumar کشور کمار

مسحور کن آواز کے مالک مقبول ترین بھارتی گلوکار کشور کمار 4 اگست 1929ءکو مدھیہ پردیش کے ایک بنگالی خاندان میں پیدا ہوئے۔
وہ پڑھائی میں کافی کمزور تھے مگر انھوں نے اس کا نرالا حل نکال لیا تھا، وہ لے میں گاکر اپنا سبق یاد کرتے تھے۔ کشور کو شروع سے ہی موسیقی سے لگاﺅ تھا اور کے ایل سہگل سے متاثر ہی نہیں بلکہ ان جیسا گانے کی بھی کوشش کرتے تھے۔
ان کے دونوں بڑے بھائی اشوک کمار اور انوپ کمار فلمی دنیا سے وابستہ تھے اسی لئے کشور کمار نے بھی ان کے نقش قدم چلتے ہوئے اسی دنیا میں قدم رکھا اور اپنے کیرئیر کا آغاز 1948ءکو فلم ضدی میں گلوکار کی حیثیت سے کیا، جبکہ بطور اداکار انکی پہلی 1951ءمیں ریلیز ہونے والی آندولن تھی، اداکار کے طور پر ان کی مشہور فلموں میں نیو دہلی، آشا، جھمرو، ہاف ٹکٹ اور چلتی کا نام گاڑی تھی، تاہم فلم پڑوسن میں نبھائے گئے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
انھوں نے لگ بھگ 81 فلموں میں بطور اداکار کام کیا جبکہ تقریباً 574 فلموں کیلئے گانے گائے، گائیکی کے ساتھ ساتھ انھوں نے فلمساز کے طور پر بھی بارہ فلمیں بنائیں تاہم اس شعبے میں انہیں زیادہ کامیابی نہ مل سکی۔
اپنی فنی زندگی کے دوران انھوں نے آٹھ بار بہترین گلوکار کا فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ذاتی زندگی میں انھوں نے اداکارہ مدھو بالا سمیت چار شادیاں کیں۔اس عظیم گلوکار و اداکار کا انتقال 13 اکتوبر 1987ءکو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔
اگرچہ آج وہ ہم میں نہیں مگر اب بھی ان کی آواز لوگوں کو مدہوش کردیتی ہے، رومان ہو یا چھیڑ خانی، یا پھر درد ہر رنگ میں سجی ان کی آواز اپنی مثال آپ ہے۔