سانحہ بارہ مئی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کو ملوث قرار دیدیا
اسلام آباد میں پاکستان، افغانستان اور ایساف کا سہ فریقی اجلاس، سرحدی امور پر غور
مخالفین پاکستان کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں،وزیراعلیٰ سندھ
غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر عملدرآمد نہ ہوسکا
ارسا نے سندھ اور پنجاب کیلئے پانی کی فراہمی بڑھا دی
اور
پی سی بی نے بولنگ کوچ کیلئے موصول تمام درخواستیں مسترد کردیں
خبروں کی تفصیل:۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مشیر عالم نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف سانحہ بارہ مئی میں ملوث تھے انکا ٹرائل ہونا چاہئے۔ سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ بارہ مئی کے سلسلے میں سینیمار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ہم سب گواہ ہیں کہ اس روز کراچی میں راستے بند اور جگہ جگہ کنٹینرز لگے ہوئے تھے، ہمارے ساتھی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں داخل ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ جب انتظامی مشینری ہی اس قسم کے اقدامات کرے تو عدالتیں کیا کرسکتی ہیں۔
پاکستان، افغانستان اور ایساف کے سہ فریقی اجلاس میں پاک افغان سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ایساف کمانڈر جنرل جان ایلین نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں باہمی تعاون اور پاک افغان سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بین الاقوامی بارڈر پر کسی بھی ناخوش گوارواقعہ کو روکنے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے پہلے ایساف کمانڈر جنرل جان ایلن نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی ملاقات کی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مخالفین پاکستان کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔سکھر میں میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم اقتدار میں چور دروازے یا کسی کے کندھے پر چڑھ کر نہیں آئے سب کو مینڈینٹ کا خیال رکھنا چاہیئے۔ نواز شریف ایک سال تحمل سے انتظار کریں۔ لیاری کے بارے میں قائم علی شاہ نے کہا کہ لیاری میں سیاسی اور انتظامی طور پر معاملات کو دیکھا جارہا ہے، صبر اور تحمل سے لیاری کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ بارہ مئی کی تحقیقات کا سلسلہ ادھورا چھوڑدیا گیا تھا جو موجودہ حکومت کے دور میں دوبارہ شروع کیا گیا۔ تحقیقات سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔
پیپکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے اعلان کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے شارٹ فال میں کمی کے باوجود عوام کو لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں رعایت نہیں مل سکی، دیہی اور شہری علاقوں میں بارہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔متعدد شہروں اور دیہات میں ہر ایک گھنٹہ کے بعد ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپکو حکام کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی طلب پندرہ ہزار تین سو میگاواٹ ، جبکہ پیداوار گیارہ ہزارسات سو میگاواٹ ہے۔
گرمی کی شدت میں اضافے اور دریاﺅں میں پانی کی صورتحال بہتر ہونے سے صوبوں کو ملنے والے پانی کا شارٹ فال چالیس فیصد سے کم ہو کر انتیس فیصد رہ گیا جس کے باعث سندھ اور پنجاب کو ملنے والے پانی میں چھ ہزار کیوسک کا اضافہ کر دیا گیا۔ ارسا ذرائع کے مطابق پہاڑوں پر برف پگھلنے کے باعث دریاﺅں اور ڈیموں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے اور شارٹ فال چالیس فیصد سے کم ہو کر انتیس فیصد رہ گیا ہے ،پانی کی دستیابی میں اضافے کے باعث سندھ اور پنجاب کے پانی کے حصے میں تین تین ہزار کیوسک کا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔سندھ کا حصہ پچاس ہزار کیوسک سے بڑھا کر ترپن ہزار کیوسک یومیہ جبکہ پنجاب کا حصہ ستتر ہزار سے بڑھا کر اسی ہزار کیوسک یومیہ کردیا گیا ہے۔ ادھر تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تیرہ سو اٹھہتر فٹ پر برقرار ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بولنگ کوچ کے لیے آنے والی تمام درخواستوں کومسترد کردیا ہے،کوچ کے لیے آنے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی کی قائم کر دہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ بورڈکے حو الے کردی ہے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے چیف کوچ ڈیو واٹ مور نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی بطور بولنگ کوچ حمایت کی ہے۔ واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد ،محمد اکرم اور جلال الدین سمیت11امیدواروں نے بولنگ کوچ کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں۔