PPI NEWS Bulletin 1700 پی پی آئی نیوز بلیٹں

ہیڈ لا ئنز:۔

حکومت مخالف تحریک، ن لیگ کے خوشاب میں جلسے کی تیاریاں مکمل
تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میں اتحاد کیلئے کوششیں
پیپکو کا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنیکا اعلان
سانحہ بارہ مئی پر ملک بھر میں وکلاءکا یوم سوگ
اور
سیالکوٹ اسٹالینز کو رواں برس انڈین چیمپئنز لیگ میں شامل کرنیکااعلان

خبروں کی تفصیل:۔

مسلم لیگ ن کی حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں خوشاب میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جلسے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثا اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ جلسے میں شرکت کیلئے خوشاب میں دیگر شہروں سے ن لیگ کے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی کا انتہائی سخت انتظام کیا گیا ہے۔ن لیگ کے رہنماﺅں کا دعویٰ ہے کہ جلسے میں پچاس ہزار سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔

جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان انتخابی اتحاد کیلئے کوششیں شروع کردی گئیں۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے ملاقات کی ہے۔ کراچی میں ہونیوالی ملاقات میں مستقبل میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان سیاسی شراکت داری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے ملک کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت، بدعنوانی کے خاتمے اور متبادل سیاسی قیادت کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

پنجاب بھر میں عوام کے شدید احتجاج کے بعد پیپکو نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی خوش خبری سنا دی، اب شیڈول کے مطابق ہی بجلی جائے گی۔پیپکو کے مطابق حکومت نے بند پاور پلانٹس کو فوری طور پر تیل اور گیس کی فراہمی شروع کر دی ہے، جس سے بجلی کی پیداوار بڑھنے سے شارٹ فال کم ہوکر صرف تین ہزار چھ سو میگا واٹ رہ گیا ہے۔ پیپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ مرحلہ وار کم کر کے 6 سے 8 گھنٹے پر لے آئیں گے۔

بارہ مئی دوہزار سات کی قتل و غارت گری کے خلاف ملک بھر میں وکلاءنے آج یوم سیاہ منایا۔ ملک بھر میں وکلاءتنظیموں کے تحت ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد ہوا اور اس موقع پر سانحہ بارہ مئی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ کہ بارہ مئی دو ہزار سات کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری بار ایسوسی ایشن سے خطاب کیلئے کراچی آ رہے تھے۔ انہیں روکنے کیلئے سٹی کورٹ جانے والے تمام راستے سیل کردئے گئے تھے اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں پینتالیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ واقعے کا کیس سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے تاہم اب تک اس کا فیصلہ نہیں آیا نہ اورہی ملزمان کی نشاندہی ہوسکی ہے۔

پاکستان کی ڈومیسٹک ٹٰی 20 چیمپئن ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز اس سال انڈین چیمپئنز لیگ میں شرکت کرے گی۔ اس بات کا فیصلہ انڈین کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ انڈین چیمپئنز لیگ کا انعقاد اس سال کے آخر میں ہوگا، جس میں سیالکوٹ کی شمولیت کے بعدپاکستانی کھلاڑیوں کو چار سال بعد بھارت میں کھیلنے کی اجازت مل جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *