PPI News Bulletin 1800 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

 

ہیڈ لا ئنز :۔

کراچی میں طیارے کا ٹائر پھٹ گیا، لاہور میں ٹینکی لیک،وزیردفاع کا تحقیقات کا حکم
کراچی ایئرپورٹ کارن وے تاحال بند، ملکی و غیر ملکی پروازیں متاثر
نادرا کی وجہ سے کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں میں تاخیر ہوئی ، چیف الیکشن کمشنر
زرداری تحریک انصاف کی طرح کوئٹہ میں جلسہ کرکے دکھائیں، عمران خان
اور
کراچی میں آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا جارہا ہے وزیراعلیٰ سندھ

خبروں کی تفصیل :۔

کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن شاہین ایئرویز کے طیارے کا لینڈ نگ کے دوران ٹائر پھٹنے کے باعث ایک پر زمین سے ٹکرا گیا جبکہ لاہور ایئرپورٹ پراسی نجی ایئرلائن کا پرواز سے قبل فیول ٹینک لیک ہوگیا۔ وفاقی وزیردفاع احمد مختار نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام نجی کمپنیوں کے طیاروں کی ازسرنو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔اسلام آباد سے آنے والی شاہین ایئرلائن کی پرواز بوئنگ 737کا کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ٹائر پھٹ گیا اور جہاز کا ایک پر زمین سے ٹکرا گیا ۔ حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے تاہم رن وے بند کردیا گیا ۔مسافروں نے بتایا کہ پائلٹ نے ٹائر پھٹنے کے باوجود پائلٹ نے انہیں جہاز میں آدھے گھنٹے تک محصور رکھا جب ہم نے باہر آکر دیکھا تو جہاز کا فیول بھی لیک ہورہا تھا۔ دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر فیول ٹینک لیک ہونے کے باعث مشہد جانے والی شاہین ایئرلائن ہی کی پرواز روک دی گئی ۔ طیارے میں دو سو کے قریب مسافر تھے

کراچی ایئرپورٹ کا رن وے تاحال نہیں کھل سکا ہے جس کے باعث اندرونی و بیرونی ملک پروازوں کی آمدو رفت متاثر ہے۔ آج کراچی ایئرپورٹ پر شاہین ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈ نگ کے بعد رن وے بند کردی گئی تھی جو تاحال نہیں کھل سکی ہے۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو ہٹانے اور فیول ٹینک کی صفائی کا کام جاری ہے جس کے باعث ٹوفائیو لیفٹ رن وے سات بجے تک بندرہے گا ۔

قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس میاں شاکر اللہ جان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے میں بھاری اخراجات کے باعث مشکلات کا سامنا ہو گا۔ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نادرا کی جانب سے کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں کی تیاری میں تاخیر ہوئی ہے تاہم آئندہ ماہ تک ووٹر لسٹیں مکمل کر لی جائیں گی اور اگر قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا گیا تو الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں ضمنی انتخاب کے دوران نمائشی اور تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا جائے گا تاہم عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال بھاری اخراجات کے باعث مشکل ہو گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں مجرموں کا راج ہے، وزیر اعظم گیلانی چوری کا پیسا بچانے کے لیے شہید ہونا چاہتے ہیں۔ کوئٹہ سے واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے ، فوجی طاقت سے حل نہیں ہوگا، تحریک انصاف نے کوئٹہ میں جلسہ کرکے وہاں کے عوام کے دلوں سے خوف نکال دیا ہے، آصف زرداری وہاں جلسہ کرکے دکھائیں۔ عمران خان نے کہا کہ رینٹل پاور کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوا جسے ملزم قرار دیا گیا اسے وزیر بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا مزید کہ سیاچن سے پاکستان اور بھارت دونوں کو فوجیں نکال لینی چاہئیں۔

وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہناہے کہ پولیس اور رینجرز کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت کی ہے ، یہ تاثر غلط ہے کہ صرف لیاری میں آپریشن ہورہا ہے۔ وزیر اعلی ہاﺅس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خفیہ اداروں کی معلومات کی بنیاد پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ،جرائم کو مکمل طور پر روکا تو نہیں جاسکتا تاہم کوشش ہے کہ فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ پر قابو پایا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *