PPI News Bulletin 1900 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

 

ہیڈ لا ئنز :۔

حکومت کا نجی ایئرلائنز کے تمام طیاروں کی از سرنو جانچ پڑتال کا حکم
کراچی میں طیارے کا ٹائر پھٹ گیا، لاہور میں فیول ٹینک لیک، مسافر محفوظ
صدر نے اتحاد ی جماعتوں کا اجلاس کل طلب کرلیا
لاہور ریجن کو سی این جی کی فراہمی کل سے تین روز کےلئے بند کردی جائیگی
اور
انٹرنیٹ کے استعمال سے ذہنی امراض میں اضافہ

 

خبروں کی تفصیل :۔

طیارہ حادثے میں 127افراد کی ہلاکت ، کراچی میں ٹائر پھٹنے اور لاہور میں فیول ٹینک لیک ہونے کے بعد حکومت کو نجی ایئرلائنز کے طیاروں کی جانچ پڑتال کا خیال آگیا ہے۔ وزیردفاع احمد مختار نے ملک بھر کی تمام نجی ایئرلائنز کے طیاروں کی صحت سے متعلق تحقیقات کا حکم جاری کردیا ہے۔ حکم کے بعد نجی ایئرلائن کے تمام طیاروں کی از سرنو جانچ پڑتال کی جائیگی اور جو طیارے مطلوبہ معیار پر پورے نہیں اتریں گے انہیں پروازوں کو اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق نا قابل پرواز جہاز سامنے آنے یا تکنیکی خرابی کے باوجود جہاز پرواز کے لیے استعمال کرنے پر جرمانے سمیت طیارے کو مستقل طور پر گراﺅنڈ کرنے کے اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے ۔

کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن شاہین ایئرویز کے طیارے کا لینڈ نگ کے دوران ٹائر پھٹنے کے باعث ایک پر زمین سے ٹکرا گیا جبکہ لاہور ایئرپورٹ پراسی نجی ایئرلائن کا پرواز سے قبل فیول ٹینک لیک ہوگیا۔ اسلام آباد سے آنے والی شاہین ایئرلائن کی پرواز بوئنگ 737کا کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ٹائر پھٹ گیا اور جہاز کا ایک پر زمین سے ٹکرا گیا ۔ حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے تاہم رن وے بند کردیا گیا ۔مسافروں نے بتایا کہ پائلٹ نے ٹائر پھٹنے کے باوجود انہیں جہاز میں آدھے گھنٹے تک محصور رکھا۔ دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر فیول ٹینک لیک ہونے کے باعث مشہد جانے والی شاہین ایئرلائن ہی کی پرواز روک دی گئی ۔ طیارے میں دو سو کے قریب مسافر سوارتھے ۔

صدرمملکت آصف علی زرداری نے اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل کراچی میں طلب کرلیا ہے۔ اجلاس بلاول ہاﺅس کراچی میں منعقد ہوگا جس میں پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اوراے این پی کے رہنماءشرکت کریں گے ۔ صدر کو کراچی میں قیام امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں حکومتی امور اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد وزیرداخلہ سندھ منظور وسان صدر زرداری سے علیحدہ ملاقات بھی کریں گے ۔

گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت لاہور سمیت متعدد علاقوں کے سی این جی سٹیشنز اور صنعتوں کو پیر کی صبح سے تین روز کے لئے گیس فراہمی بند رہے گی۔سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے شیڈول کے مطابق لاہور، ساہیوال، ملتان، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے سی این جی سٹیشنز کو پیر کی صبح چھ بجے گیس فراہمی بند کی جائے گی جو 72 گھنٹے بعد جمعرات کی صبح چھ بجے بحال ہو گی جبکہ صنعتی شعبے میں بھی پیر کی صبح سے لاہور، ساہیوال اور شیخوپورہ کو گیس فراہمی بند ہو گی تاہم فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور، ملتان اور گوجرانوالہ کی صنعتوں کو پیر کی صبح سے چار روز کے لئے گیس فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

برطانوی ماہرین نفسیات نے خبردار کیا ہے کہ انٹرنیٹ اور ڈیٹا کی بھرمار سے نفسیاتی امراض، یاداشت کی خرابی، ڈپریشن اور بلڈ پریشر کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ برطانیہ میں برونیل یونیورسٹی کی ماہر نفسیات ڈاکٹر لِنڈا شو کا کہنا ہے کہ ای میل، فیس بک، ٹوئیٹر، گوگل جیسے سرچ انجن اور دیگر سوشل میڈیا کی بھر مار ہو چکی ہے اور یہ معلومات اتنی زیادہ ہیں کہ لوگ ذہن نشین نہیں کر پا رہے ہیں۔ ڈاکٹر کے مطابق اطلاعات کی اس بھر مار سے فیصلے کرنے میں تاخیر ہوتی ہے اورذہن پر دباو¿ بڑھنے سے ہارمونز میں اضافہ ہو جاتا ہے اس سے یاداشت کی خرابی، ڈپریشن اور بلڈ پریشر جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *