مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج گو زرداری گو کا نعرہ نہ لگاتے۔ نواب شاہ کے علاقے قاضی احمد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ حکمران بے حس ہوگئے ہیں اور غریب ہاری کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔انھوں نے کہا کہ سندھ کے کچھ علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی کھڑا ہے، حکومت میں شامل افراد سیلاب زدہ عوام کی امداد کریں۔انھوں نے مزید کہا کہ سندھ میں آفت آئی تو پنجاب نے قربانی دے کر سندھی بھائیوں کی مدد کی۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں اگلی حکومت ہماری ہوگی۔میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا امیج خراب کرنیوالی وحیدہ شاہ جیسی خواتین کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان پر ہونیوالی اے پی سی میں اکبر بگٹی کے قاتلوں کی گرفتاری تک شرکت نہیں کریں گے۔
میمو کمیشن کا اجلاس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرصدارت جاری ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں جاری اجلاس میں میمو اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز سے وڈیو لنک کے ذریعے جرح کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر منصور اعجاز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے صدر آصف علی زرداری سے دو بار ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پہلی ملاقات 2005ءاور دوسری 2009ءمیں ہوئی۔انھوں نے کہا کہ صدر زرداری سے تیسری ملاقات کی بھی پیشکش ہوئی تھی۔ منصور اعجاز سے اس وقت درخواست کنندگان کے وکلاءجرح کررہے ہیں۔
پنجاب اور سندھ سے سینیٹ انتخابات میں بلامقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کر دی گئی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب میں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر اعتزاز احسن اور محمد اسحاق ڈار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے۔ خواتین کی نشست پر نزہت صادق اور خالدہ پروین بلامقابلہ کامیاب ہوئیں۔اقلیتی نشست پر کامران مائیکل کامیاب ہوئے۔ جبکہ سندھ سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر عبدالحفیظ شیخ اور بیرسٹر فروغ نسیم بلامقابلہ کامیاب قرار پائے۔
کراچی کے علاقے قائد آباد میں ایف سی اہلکار نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور تین کو زخمی کردیا۔ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ قائد آباد میں واقع ایک زیر تعمیرمدرسے کے سامنے ایف سی اہلکار اور طلبا کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا۔ ایف سی اہلکار نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مولوی عبدالرحمان جاں بحق اورزر ولی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ایف سی اہلکار کوگرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایران نے دیگر ممالک کی جانب سے تجارتی ادائیگیاں سونے میں کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے باعث مغربی ممالک کی جانب سے مالیاتی پابندیوں کے بعد ایران اپنے تجارتی ادائیگیوں کے نظام کو وسعت دے رہا ہے ، ایران نے خطے کے دیگر ممالک سے باہمی تجارت کے لئے ادائیگیاں سونے میں بھی کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ایران تیل کی برآمدی ادائیگیوں کے لئے ڈالر پر انحصار نہیں کر رہا، دیگر ممالک اپنی کرنسیوں میں بھی ادائیگیاں کرسکتے ہیں اور اگر کوئی ملک سونے میں ادائیگی کرنا چاہتاہے تو کر سکتاہے۔
پاکستانی کرکٹر محمد عامر نے آئی سی سی کی سزا کیخلاف اپیل نہ کرنیکا فیصلہ کرلیا۔اطلاعات کے مطابق عامر نے تحریری طور پر اس بات سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ادھر آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ محمد عامر نے پانچ سالہ پابندی کیخلاف عالمی ثالثی عدالت میں اپیل نہ کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔
