وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ایران کیساتھ گےس پائپ لائن منصوبے اور تجارتی تعلقات کو پاکستان کے مفاد میں آگے بڑھایا جائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے سمیت تمام معاہدے پاکستان کے مفاد میں ہیں، تمام فیصلے ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر کئے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام تنازعات پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں، ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ملکی مفاد کے خلاف کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مارچ کے دوسرے ہفتے میں پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات سامنے آجائیں گی۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ اکبر بگٹی کے قاتلوں کی گرفتاری تک بلوچستان پر آل پارٹیز کانفرنس میں نہیں جائیں گے۔ قاضی احمد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنا حق ادا نہیں کیا، حکومت میں بیٹھے لوگ عوام کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں طالبعلموں کو لیپ ٹاپ مل رہے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں مل سکتے، سندھ میں حکومت قائم کر کے یہاں بھی دانش اسکول بنائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ گیارہ ہزار ایکڑ زمین اب بھی سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ خون پسینہ بہانے والے کسانوں کو انصاف فراہم کیوں نہیں کیا جاتا۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ سندھ یونیوسٹی چھ ماہ سے بند ہے، کیا یونیورسٹیاں بند رکھنے کے لئے بنائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہ ہیں جو پہلے بھی تبدیلی لا چکے ہیں، موقع ملا تو مزید کام کریں گے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل راﺅ قمر سلیمان نے ایبٹ آباد کمیشن کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔ایبٹ آباد کمیشن کا اجلاس جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا، کمیشن اعلامیہ کے مطابق ایئرچیف مارشل نے پیش ہوکراپنا بیان قلم بند کرایا، ذرائع نے بتایاہے کہ کمیشن نے ایئرچیف مارشل سے دفاعی فضائی نگرانی کے امور پر مختلف سوالات بھی کیے۔
وفاقی وزارت پٹرولیم نے کہاہے کہ تمام صوبوں نے نئی پٹرولیم پالیسی سے مکمل اتفاق کرلیا ہے۔ وزارت پٹرولیم کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر صدارت بین الصوبائی اجلاس ہوا ، اجلاس نے پٹرولیم پالیسی 2012ءپر حتمی غور کرنے کے بعد اسکی تمام شقوں کی منظوری دے دی، ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے بیان میں کہاکہ نئی پالیسی سے تیل اور گیس کی تلاش میں صوبے اپنی ذمہ داری آسانی سے ادا کرسکیں گے، انہوں نے کہاکہ یہ پالیسی تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے بنائی گئی ہے۔
بھارت نے 4مارچ کو زیر سمندر بیلسٹک میزائل کے پہلے تجربے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔7سو کلومیٹر رینج تک آبدوز سے فائر کیے جانے والے بیلسٹک میزائل کے دو تجربات کئے جائیں گے۔تجربے کیلئے زیر آب عارضی پلیٹ فارم استعمال کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق کے15میزائل نامی یہ زیرسمندر میزائل پرتھوی کی جدید شکل ہے جسے آب دوز سے فائر کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
قومی پولو چیمپین شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ پولو گراﺅنڈ لاہور میں شروع ہو گئی ہے۔ چیمپین شپ کے آغاز سے قبل لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گیارہ مارچ تک جاری رہنے والی چیمپین شپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ جن میں نو غیر ملکی کھلاڑی بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمپین شپ میں روزانہ چار میچز کھیلے جائیں گے اور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ دو ٹیموں کے مابین فائنل میچ کھیلا جائے گا۔
