پاکستان اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطہ ہوا ہے، جس میں پاکستانی حکام کی جانب سے ایران گیس منصوبے کی افادیت پر امریکی ہم منصبوں کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن کے سخت موقف کے بعد اسلام آباد میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔پاکستان نے امریکی حکام کو کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے منفی فہرست میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ نئی دہلی میں چینی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم کرشنا کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فیصلہ مثبت سمت میں ایک قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر خاجہ حنا ربانی کھر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک قرار دیا جائے گا۔ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ فیصلے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نوابشاہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ قاضی احمد میں جلسے سے خطاب کریں گے، جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔میاں نواز شریف نواب شاہ ایئرپورٹ پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے انکا استقبال کیا۔نوازشریف کے جلسے میں شرکت کیلئے سندھ بھر سے کارکنوں کی آمد جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
سانحہ کوہستان میں جاں بحق ہونیوالے اٹھارہ افراد کے سوگ میں گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع آج تیسرے روز بھی مکمل بند ہیں اور تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں،گلگت بلتستان کے سرکاری ونجی دفاتر اور اسکول بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔اسکردو میں پیٹرول پمپ بندہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔گزشتہ روز گلگت میں کشیدہ صورتحال کے بعد کرفیو کا اعلان کیاگیا تھا جسے بعد میں واپس لے لیاگیا۔کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے جگہ جگہ رینجرزاور پولیس کے اہلکار تعینات ہیں۔۔سیکیورٹی فورسز کے گشت میں بھی اضافہ کردیاگیا ہے۔
سینیٹ الیکشن میں بلوچستان بازی لے گیا، ایک ووٹ کی قیمت پینسٹھ کروڑ پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سینٹ کے انتخابات کیلئے جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا۔ لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ق کے رکن اسمبلی پیر قادر گیلانی نے پینسٹھ کروڑ روپے کے فنڈز کی یقین دہانی کے بعد پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اتحاد سینٹ کے الیکشن کے بعد بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اقبال قاسم کو قومی ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر مقرر کرتے ہوئے سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس سے استعفیٰ لے لیا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دیدی ہے، جس میں سلیم جعفر، اظہر خان، فرخ زمان اور آصف بلوچ کو شامل کیا گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے نئی سلیکشن کمیٹی کا باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔
