بلوچستان بدامنی کیس، چیف جسٹس نے سیکرٹری دفاع اور دیگر حکام سے حتمی رپورٹ طلب کرلی
مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات، احتساب بل پر بات چیت
الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار، حکومت کو گرین سگنل
بھارت نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، سربراہ پاک بحریہ
اور
لندن پیرااولمپک میں بھی پاکستانی دستہ کوئی تمغہ نہ جیت سکا
خبروں کی تفصیل:۔
بلوچستان بدامنی کیس میں سپریم کورٹ نے وفاقی سیکریٹری دفاع اورداخلہ ،آئی جی ایف سی ،آئی جی پولیس اورچیف سیکریٹری بلوچستان سے حتمی رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہاکہ ملک بچانے کیلئے کسی قسم کی قربانی دینی پڑی تو دیں گے۔ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ایف سی کے وکیل سے کہا ہے کہ ہمارا مقصد عوام کو ریلیف پہنچانا ہے کسی کی تذلیل نہیں، ایف سی فورس ہے اس کا مورال ڈاو¿ن نہ کرائیں۔ وکیل ایف سی کا اصرار تھا کہ ایف سی کی تحویل کوئی بھی لاپتہ شخص نہیں۔ ایف سی کیلئے ایسا تاثردیا جا رہا ہے کہ وہ جرائم کی ماں ہے۔ چیف جسٹس نے آئی جی ایف سی میجر جنرل عبید اللہ سے کہاکہ آپ ہمیں لکھ کردیں کہ آپ ناکام ہو چکے ہیں، صوبے میں بائیس انٹیلی جنس ایجنسیاں، ایف سی اوردیگرادارے کام کررہے ہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ کوئٹہ ماضی میں صاف ستھرا اور پرامن شہرتھا،ملک بھر میں کوئٹہ جیسا شہرنہیں تھا۔ چیف جسٹس نے سیکریٹری داخلہ بلوچستان کو ہدایت کی کہ ہمیں دوالفاظ میں بتائیں کہ کامیاب ہوئے یا ناکام۔
مسلم لیگ ن اور حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات ختم ہو گئے۔ پنجاب ہاو¿س اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید احمد شاہ اور سید نوید قمر شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کی نمائندگی سنیٹر اسحاق ڈار اور خواجہ آصف نے کی۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ ن لیگ کے ارکان سے احتساب بل پر بات چیت ہوئی، جو بھی ہو گا اتفاق رائے سے ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں جو بھی قانون سازی ہو متفقہ ہو۔ ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات میں پیپلز پارٹی نے احتساب قانون کا زیر التواءمعاملہ حل کرنے پر بات کی۔ اتفاق رائے سے احتساب بل اسمبلی میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا ایک پوائنٹ کا ایجنڈا تھا دوسری چیزیں زیر بحث نہیں آئیں۔
عام انتخابات کی تیاریوں پر الیکشن کمیشن میں اعلی سطح کا اجلاس جاری ہے. چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنر بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں ائندہ عام انتخابات کیلئے مختلف امور کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ اجلاس میں تیار ہونی والی سفارشات پر سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنر ملک میں عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس سلسلے میں حکومت کو گرین سگنل بھی دے دیا گیا ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ نے کہا ہے کہ ہمارے روایتی حریف بھارت نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا. پاک بحریہ وطن کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔پاکستان نیول اکیڈمی اسلام آباد میں یوم دفاع کے موقع پر پرچم کشائی کی پر وقار تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے سے سلامی لی. اس موقع پر چیف آف نیول سٹاف آصف سندھیلہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ ایڈمرل آصف سندھیلہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہمیں سرحد کے دونوں اطراف خطرات کا سامنا ہے. پاک بحریہ سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم اپنی صلاحتیوں کا پوری قوت سے مظاہرہ کریں گے۔
لندن پیرااولمپک میں بھی پاکستانی دستہ کوئی تمغہ نہ جیت سکا، حیدر علی بھی شائقین کی امیدیں پوری نہ کر سکے۔لانگ جمپ میں پاکستان کے لیے امید کی آخری کرن حیدر علی سب سے آخری گیارہویں نمبر پر رہے۔ روس کے کھلاڑی نے اس ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔ 2008 کے بیجنگ پیرا اولمپک میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے حیدر علی سے شائقین اور آفیشلز کو گولڈ میڈلسٹ بننے کی امیدیں تھیں لیکن سب دم توڑ گئیں۔ اس سے پہلے اولمپکس کے چار کھیلوں میں شریک پاکستانی ایتھلیٹ بھیکوئی تمغہ نہیں جیت سکے۔