PPI NEWS Bulletin 1500 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لا ئنز :۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور اے این پی کو بھتہ خوری میں ملوث قرار دیدیا
بھارت کو کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات پر قائل کیا، وزیراعظم
طیارہ حادثے کی جلد تحقیقات کیلئے پارلیمنٹ میں تحریک التواءجمع
سیاچن میں فوجی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے سرگرمیوں میں تیزی
وفاقی حکومت کا خون کے زیادہ عطیات دینے والے افراد کو گولڈ میڈل دینے کا اعلان
اور
قومی کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان رواں ہفتے متوقع

خبروں کی تفصیل :۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور اے این پی کو کراچی میں بھتہ خوری میں ملوث قرار دیدیا۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن میں کئی سیاسی جماعتیں بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔ انکے مطابق ان جماعتوں میں ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی، اے این پی اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ حب سے کراچی میں اسلحہ آتا ہے، جس کی روک تھام کیلئے وہاں چوکی بنائی گئی ہے۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی پر ابھی ممنوعہ کیمیکل کیس میں صرف الزام عائد ہے، اب وہ وطن واپس آگئے ہیں تاکہ تفتیش میں تعاون کرسکیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمیشہ تنقید کرتی ہے، قومی مفاد کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے بھارت کو کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات پر قائل کیا۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو بھارت، ایران اور افغانستان سے تعلقات اچھے نہیں تھے، مگر ہم نے ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر بنائے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کیساتھ سرکریک، سیاچن اور پانی کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ جنگوں کا دور ختم ہوگیا، اب بات چیت سے مسائل حل ہونے چاہئے، بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے بھی تمام اہم امور پر بات چیت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو دس ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔

ایم کیوایم نے طیارہ حادثے کے خلاف قومی اسمبلی اورسینیٹ میں تحریک التوا جمع کرادی ہے۔ایم کیوایم کے سینیٹرطاہرمشہدی کے مطابق ایم کیوایم نے اپنی تحریک میں طیارہ حادثے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے اورذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن کامطالبہ کیا ہے۔تحریک میں مرنے والوں کے لواحقین کوبلاتاخیر معاوضہ دینے اورتحقیقاتی رپورٹس کوجلدازجلد منظرعام پر لائے جانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دبے جوانوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق آج سیاچن میں ہلکے بادل چھائے ہوئے ہیں تاہم برف باری کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ادھر ملبہ گرنے سے بند ہونیوالے نالے میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب یہ جھیل کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق فی الوقت پانی سے کوئی خطرہ نہیں تاہم سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا تو اس کی نکاسی کی جائے گی۔

وفاقی حکومت نے عوام میں خون کے عطیات کا رجحان بڑھانے کےلئے سو سے زائد مرتبہ خون دینے والے افراد کو گولڈ میڈل دینے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان چیئرمین بیت المال زمرد خان نے اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ سو مرتبہ خون کا عطیہ کرنے والے افراد کو گولڈ میڈل جبکہ پچاس مرتبہ خون دینے والوں کو سلور میڈل دیئے جائیں گے۔

قومی سلیکشن کمیٹی رواں ہفتے کے دوران سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کرے گی۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹراقبال قاسم اور کو چ ڈیو واٹمور دونوں کی مشاورت سے نئی فہرست کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس فہرست کا اعلان کرتے وقت کوچ واٹ مور کی رائے اور کھلاڑیوں کی فٹنس کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *