اصغر خان کیس، سپریم کورٹ میں انٹیلی جنس بیوروکے خفیہ فنڈز کی رپورٹ پیش
طیارہ حادثہ، نو رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا جائے وقوعہ کا دورہ
سول ایوی ایشن نے نجی ائیرلائنز کے طیاروں کا معائنہ شروع کردیا
جعلی ڈگری کیس میں خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اقلیتی رکن کی گرفتاری کا حکم
Business news
اور
مونٹے کارلو ٹینس ٹورنامنٹ رافیل نڈال کے نام
خبروں کی تفصیل :۔
سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس کی سماعت پچیس اپریل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت میں 2009ءمیں حکومت پنجاب کو مبینہ طور پر گرانے کیلئے انٹیلی جنس بیورو سے 27 کروڑ روپے استعمال ہونے سے متعلق الزام پر آئی بی کی سربمہر جوابی رپورٹ پیش کی گئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ آئی بی سے 27 کروڑ روپے کی رقم نکالے جانے کو اب بھی خفیہ رکھا جارہاہے، اس پر عدالت کو اعتماد میں لیا جائے، اٹارنی جنرل اس بارے آئی بی سے معلومات شیئرکریں، عدالت بھی اسے خفیہ رکھے گی۔اس سے قبل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ مہران بنک اور حبیب بنک سے متعلق ماضی کی کمیشن رپورٹس نہیں مل سکی ہیں،جس پر عدالت نے اظہار تعجب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل سے تحریری موقف مانگ لیا، چیف جسٹس نے کہاکہ وہ رپورٹس تو بہت اہم تھیں ، چوری یا غائب ہوئی ہیں تو اسکی رپورٹ درج کرانا پڑے گی۔ بعد ازاں مقدمے کی سماعت پچیس اپریل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
بھوجا ایئر لائنز کے طیارہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات آج بھی جاری ہیں۔ اس سلسلے میں گروپ کیپٹن سردار الیاس کی سربراہی میں نو رکنی ٹیم نے آج جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم تین پہلوو¿ں پر تحقیقات کر رہی ہے۔جن میں طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے کریش لینڈنگ کے امکانات، تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہونے اور بجلی گرنے سے حادثہ ہونے کے امکانات شامل ہیں۔ ٹیم نے حسین آباد میں اس رقبے کی پیمائش کی جس پر ملبہ بکھرا ہوا ہے جبکہ اس جگہ کا بھی خصوصی جائزہ لیا جہاں طیارے کے ٹائروں کے نشانات موجود ہیں۔تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرنے میں دس روز لگ سکتے ہیں اور حادثے کی حتمی وجہ کا تعین وائس ریکارڈر اور بلیک باکس کی معلومات کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ائیرلائنز کے طیاروں کے معائنے کا شروع کردیا۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ان کی معائنہ ٹیم نے بھوجاایئرلائنز کے جہازوں کی چیکنگ شروع کردی ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ہرجہاز کے معائنے میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھوجا کے بعد شاہین اور ایئربلو کے طیاروں کی چیکنگ بھی کی جائے گی جبکہ پی آئی اے کے طیاروں کی ایک سے ڈیڑھ ماہ پہلے چیکنگ کرچکے ہیں۔
سیشن کورٹ ڈیرہ اسماعیل خان نے جعلی ڈگری کیس میں اقلیتی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی کشور کمار کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے یہ سزا الیکشن کمیشن کی جانب سے کشور کمارکی گومل یونیورسٹی سے حاصل کردہ بی اے کی ڈگری جعلی قرار دینے پر سنائی۔واضح رہے کہ کشور کما ر جمعیت علمائے اسلام ف کے اقلیتی رکن ہیں۔
ایشیائی منڈی میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔سنگاپور کی نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں امریکی خام تیل کے جون کے سودے 13سینٹس کمی سے103ڈالر75سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔برینٹ نارتھ سی خام تیل کے سودے09سینٹس کمی سے118ڈالر76 سینٹس فی بیرل پر ہوئے۔AP 23/04
اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے مسلسل آٹھویں بار مونٹے کارلو ماسٹرز کا ٹائٹل جیت لیا۔مناکو میں مونٹے کارلو ٹینس ماسٹرز کا فائنل دفاعی چیمپئن رافیل نڈال اور عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کے درمیان کھیلا گیا۔ رافیل نڈال نے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے حریف جوکووچ کو شکست کا مزہ چکھا دیا۔ میچ کا اسکور چھ تین اور چھ ایک رہا۔