PPI NEWS BULLETIN 1500 پی پی آ ئی نیو ز بلیٹن

ہیڈ لا ئنز :۔

چوہدری شجاعت نے وزیراعظم کو سزا یافتہ ماننے سے انکار کردیا
کراچی کے علاقے لیاری میں کشیدگی برقرار، فائرنگ کا سلسلہ جاری
اسلحہ برآمدگی کیس میں شاہ زین بگٹی گرفتار
لیپ ٹاپ کی تقسیم کے مخالف ملکی ترقی نہیں چاہتے، وزیراعلیٰ پنجاب
پاکستان نے ایران سے گیس پائپ لائن کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کردیا
اور
قومی خواتین سائیکلنگ چیمپئن شپ کا یکم مئی سے آغاز

خبروں کی تفصیل :۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاست نہیں موقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم سزا یافتہ اس وقت ہوگے جب اپیل کا فیصلہ ہوگا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ انکا مسلم لیگ ن سے کوئی رابطہ ہے اور نہ ہی ان سے کوئی اتحاد ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ عام انتخابات نہ پہلے ہوں گے اور نہ بعد بلکہ اپنے وقت پر ہوں گے۔ چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار صرف باتیں کر رہے ہیں انہوں نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث علاقے میں کشیدگی برقرارہے۔ ادھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پیش قدمی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے متعدد جرائم پیشہ عناصرکو حراست میں لیتے ہوئے کچھ علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ دوسری جانب رات گئے لیاری کے علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں کچھ کمی آئی تاہم آج صبح پھر سے لیاری کے مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ سی آئی ڈی، ایف سی، الیٹ فورس اور علاقہ پولیس کے تازہ دم دستہ لیاری پہنچ چکے ہیں اور کشیدہ علاقوں میں پیش قدمی کر رہے ہیں۔

اسلحہ برآمدگی کیس میں جمہوری وطن پارٹی کے رہنماءنواب زادہ شاہ زین بگٹی نے گرفتاری پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلحہ برآمدگی کیس میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے شاہ زین بگٹی کے گھر کا محاصرہ کرلیا تھا، جس کے بعد انھوں نے اپنی گرفتاری پیش کردی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی نے کہا کہ انہیں جھوٹا مقدمہ بناکر گرفتار کیا گیا ہے، تاہم وہ ملکی قوانین کے تحت سیشن کورٹ سے ضمانت کیلئے رجوع کریں گے۔

وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کی مخالفت کرنے والے ملک کی ترقی نہیں چاہتے۔وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے ارفع کریم آئی ٹی ٹاور میں حادثات سے بچاو¿ سے متعلق تیار کی گئی ویب سائٹ کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور وہ پاکستان کو مسائل سے نجات دلاکر خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب کاکہنا تھاکہ پنجاب حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ کے لیے ٹھوس حکمت عملی پرعمل پیراہے۔

ایران کی جانب سے 500 ملین ڈالرز کے فنڈ کی فراہمی پر آمادگی کے بعد پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان 785 کلو میٹرز طویل گیس پائپ لائن کی تعمیر کے لئے ٹینڈر جاری کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق پاک ایران سرحد سے نواب شاہ تک گیس پائپ لائن کے لئے دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں 8 جون تک اپنی تیکنیکی و مالی پیشکش جمع کرائیں گی۔ وزارت پیٹرولیم کے اعلیٰ حکام کے مطابق مجوزہ گیس پائپ لائن کا قطر 42 انچ ہوگا جس سے 750 ملین سے ایک ارب مکعب فٹ یومیہ قدرتی گیس فراہم کی جا سکے گی۔

قومی خواتین سائیکلنگ چیمپئن شپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ تین روزہ ایونٹ یکم مئی سے لاہور میں شروع ہوگا۔ چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں، آرمی، واپڈا، ریلوے، سوئی سدرن گیس کمپنی اور ایک غیرملکی ٹیم بھی شرکت کرے گی، واپڈا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *