سینیٹ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین فاروق ایچ نائیک کو بھٹو ریفرنس کیس میں بابر اعوان کی جگہ وفاق کا وکیل بنائے جانے کا امکان ہے۔ تبدیلی کی یہ تجویز توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے بابر اعوان کا وکالت کا لائسنس معطل کئے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ کے نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے بعد فاروق ایچ نائیک بھٹو ریفرنس کیس میں وفاق کے وکیل کی حیثیت سے پیش ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وکیل کی تبدیلی کا اعلان آئندہ ہفتے تک متوقع ہے ۔
تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بدستور ڈیڈلیول پر ہے، جس کے باعث ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے اور خریف کی فصلوں کو پانی کی قلت کے سامنے کا خطرہ ہے۔ارسا کے ترجمان کے مطابق اب منگلا ڈیم میں آبپاشی کیلئے پانی دستیاب نہیں ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والے خریف کے سیزن کیلئے صوبوں کی پانی کی ضروریات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس آئندہ جمعے کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں خریف کے ابتدائی وقت میں کپاس کی بوائی کیلئے سندھ کو زیادہ پانی فراہم کئے جانے پر زور ہوگا۔انکے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول1378 فٹ پر ہے، جبکہ پانی کی آمد 17100 اور اخراج 16400 کیوسک یومیہ ہے۔ دریائے کابل سے 6300 کیوسک پانی فراہم ہو رہا ہے۔ چشمہ بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج بالترتیب 21618 اور 17218 کیوسک یومیہ ہے۔
فلسطینی علاقے غزہ میں دوسرے روز بھی جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں جنہیں عرب لیگ نے قتل عام قرار دیا ہے۔فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز کے حملوں اور لڑائی کے دوران کم از کم پندرہ فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔ادھر اسرائیل کا کہنا ہے کہ جب سے لڑائی شروع ہوئی ہے، غزہ سے کم و بیش ایک سو راکٹ فائر کیے گئے جو اسرائیلی سرزمین پر گِرے۔اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین نے اِن واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاووروف نے مصر میں عرب رہنماو¿ں کے اجلاس کے دوران شام میں جاری خانہ جنگی کے بارے میں اپنے ملک کا دفاع کیا ہے۔انھوں نے قاہرہ میں جمع رہنماو¿ں سے کہا کہ ان کا ملک کسی حکومت کا دفاع نہیں کر رہا۔تاہم سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس نے اقوام متحدہ میں عرب امن منصوبے کے بارے میں قرار داد کو ویٹو کر کے شام کو اپنے ہی لوگوں کے خلاف مزید تشدد کا لائسنس دے دیا ہے۔اس موقع پر قطر کے وزیر خارجہ نے شام میں لوگوں کی ہلاکتوں کو نسل کشی سے تعبیر کرتے ہوئے بیرونی فوجی مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ میشل وین ڈین کی جگہ موجودہ منیجر خواجہ جنید کو چیف کوچ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنی ذمے داری سنبھالیں گے، تاہم پی ایچ ایف کے حکام موجودہ چیف سلیکٹر حنیف خان کو بھی کوچ بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ پی ایچ ایف کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ میشل وین ڈین کے بارے میں فیصلہ15 مارچ کو پی ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حنیف خان کی تقرری کی صورت میں نئے چیف سلیکٹرکے لئے سابق ہاکی اولمپین وکپتان حسن سردار مضبوط امیدوار ہیں، سابق کپتان اختر رسول کو قومی ٹیم کا نیا منیجر مقرر کیا جائے گا۔
