PPI News Bulletin 1300 نیوز بلیٹن

پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں خودکش حملے میں دس افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ پشاور پولیس کے مطابق بڈھ بیر کے علاقے ماماخیل میں جنازے کے دوران دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔جنازے میں خیبرپختونخواہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر خوشدل خان بھی شریک تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہدف ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی ہی تھے۔ واقعے کے بعد زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے لاہور سمیت پنجاب کے پانچ ریجنز میں سی این جی اسٹیشنز بندش کا شیڈول جاری کردیا۔گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے شیڈول کے مطابق لاہور،شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ساہیوال اور ملتان کے سی این جی سٹیشنز کو پیر کی صبح چھ بجے سے گیس فراہمی بند ہو گی جو کہ 72 گھنٹے بعد جمعرات کی صبح چھ بجے بحال کی جائے گی۔

جاپان میں آج زلزلے اور سونامی کی پہلی برسی منائی جا رہی ہے جس میں گزشتہ سال لگ بھگ بیس ہزار لوگ ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔اِس زلزلے اور سونامی کے بعد فوکوشیما کے جوہری گھر سے تابکاری شعاو¿ں کا اخراج شروع ہو گیا تھا۔آج عین اس وقت جاپان میں سائرن بجائے جائیں گے جب پچھلے سال زلزلہ آیا تھا۔دارالحکومت ٹوکیو میں ایک قومی تعزیتی تقریب ہوگی جس میں وزیرِاعظم اور شہنشاہ شرکت کریں گے۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں اس ہفتے تیزی کا رحجان رہا، کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شئیرز کی مجموعی مالیت میں تقریبا ایک سو پچاس ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔کپیٹل گین ٹیکس میں تبدیلی اور کارپوریٹ ٹیکس میں کمی کے بارے میں خبروں نے بازار میں تیزی کا رجحان برقرار رکھا، جبکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے خریداری میں اضافے نے کاروباری حجم میں بھی ریکارڈ اضافہ کر دیا۔ اوسطاً روزانہ ساڑھے پینتیس کروڑ شئیرز کا کام ہوا۔ ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈکس دو سو چونتیس پوانٹس کے اضافے سے تیرہ ہزار تین سو تریپن پر بند ہوا۔

قومی فٹبال چیلنج کپ آج سے کراچی میں شروع ہورہا ہے، کے آر ایل کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ ایونٹ کا انعقاد کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 125 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر کیا جارہا ہے، جس میں ملک کی صف اول کی سولہ ٹیمیں شرکت کریں گی۔پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فاتح ٹیم کو تین لاکھ، رنراپ ٹیم کو دو لاکھ اور تیسری پوزیشن کی ٹیم کو ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ایونٹ کا فائنل 23 مارچ کو کھیلا جائےگا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، کوئٹہ، قلات، ژوب ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان مین چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔آج صبح ملک میں سب کم درجہ حرارت کالام میں منفی 05،استور اور اسکردو میں منفی 04، جبکہ گوپس میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر چند شہروں کے درجہ حرارت کچھ اس طرح رہے۔ اسلام آباد06، لاہور 09، کراچی16، پشاور 07، کوئٹہ00، مظفرآباد05، حیدرآباد 12، لاڑکانہ 12، سکھر 13، ساہیوال 07، سرگودھا 08، بہاولنگر 10، فیصل آباد08اور ڈیرہ اسمعیل خان میں 07 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *