PPI News Bulletin 1100 پی پی آ ئی نیوز بلیٹن

سینیٹ انتخابات میں 45 نشستوں پر 98 امیدواروں کے درمیان مقابلہ شروع ہوگیا ہے۔ چاروں صوبائی اسمبلی اور فاٹا کے لیے قومی اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں پہلا ووٹ صوبائی وزیر رﺅف صدیقی نے کاسٹ کیا ، پنجاب اسمبلی میں محسن لغاری ،بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر اسلم بھوتانی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی کے شاہ حسین نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ جبکہ نو سینیٹر بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں سینیٹ کی سات نشستوں پر آٹھ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ۔ سندھ میں دس نشستوں پر 13 امیدوار مدمقابل ہیں۔خیبرپختونخواہ میں تیرہ نشستوں کیلئے پچیس امیدوار سینیٹر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں اوربلوچستان سے سات عام نشستوں کیلئے 19 اورفاٹا کی چار نشستوں کیلئے گیارہ امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

سینیٹ انتخابات میں متعدد سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلوچستان میں سینٹ نشستوں کی بولیاں لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے کئی سیاسی جماعتوںنے نے الزامات بھی عائد کیے ہیں کہ بلوچستان میں سینیٹ کی نشستیں بولیاں لگا کر کروڑ وں روپے میں فروخت کی گئیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خرید فروخت سبزی منڈی میں ہوتی ہے اسمبلیوں میں نہیں ، بلوچستان میں کسی سینیٹرز کی نشست فروخت نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے معاملات کو چھپانے کے لیے میڈیا کو کوریج کی اجازت نہ دینے کے معاملے کو بھی انہوں نے مسترد کردیا اور کہا کہ میڈیاکو کوریج کی اجازت نہ دینے کا مقصد معاملات کو چھپانا نہیں ہے ۔

چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ پولنگ عملے پر تشدد کے معاملے کو ہلکا نہ سمجھا جائے، وحیدہ شاہ نے پولنگ عملے کو نہیں بلکہ پوری قوم کو تھپڑ مارا ہے ۔ضمنی انتخابات میں پولنگ عملے پر تشد دکےخلاف سپریم کورٹ میں سماعت شروع ہوگئی ہے۔ از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے پولنگ عملے پر تشدد کے وقت پولیس کی خاموشی پر آئی جی سندھ کو سرزنش کی اور انہیں کہا کہ وہ سرفراز شاہ کیس نہ بھولیں، یہ معاملہ حکومت اور قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے اور آپ کے یا میرے ساتھ بھی پیش آسکتا ہے ۔دوسری جانب وحیدہ شاہ عوام عوا میڈیا سے چھپتے ہوئے برقعہ پہن کر سپریم کورٹ پہنچ گئی ہیں اور انہوں نے سپریم کورٹ میں اپنا تحریری جواب داخل کردیا ہے۔

منصور اعجاز اور حسین حقانی کے درمیان رابطوں کی تحقیقات کےلئے میمو کمیشن کا اجلاس آج بھی جاری رہیگا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرصدارت ہونے والے میمو کمیشن کے اجلاس میں منصور اعجاز سے وڈیو لنک کے ذریعے آج پھر جرح کی جائیگی۔ گزشتہ روز جرح میں منصور اعجاز نے فوج بغاوت سے متعلق دستاویزات کمیشن کو دینے پر رضا مندی ظاہر کردی تھی۔ کمیشن کی ہدایت کے مطابق لندن ہائی کمیشن میں موجود سیکریٹری کمیشن راجہ جواد عباس آج یہ دستاویزات منصور اعجاز سے حاصل کرے سیل کردیں گے اوربعد میں خود کمیشن کو پہنچائیں گے۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے پی سی بی کی قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آج لاہور میں ہو گاجس کے بعد کل ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس کی صدارت سلیکشن کمیٹی کے نئے چیئرمین اقبال قاسم کریں گے جبکہ کمیٹی کے اراکین اظہر خان، سلیم جعفر، آصف بلوچ اور فرخ زمان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی ٹیم کے انتخاب سے قبل غیر ملکی کوچ ڈیو واٹ مور سے بھی مشاورت کرے گی۔ ٹیم کے اعلان کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ پانچ اور چھ مارچ کو لاہور میں منعقد ہو گا اور ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لئے سات مارچ کو بنگلہ دیش روانہ ہو گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *