PPI News Bulletin 1300 پی پی آ ئی نیوز بلیٹن

سپریم کورٹ نے وحیدہ شاہ کی معافی مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور آئی جی سندھ سے تشدد کے معاملے پر کارروائی کی رپورٹ 12مارچ تک طلب کرلی ہے۔ وحیدہ شاہ تشد د کیس کی از خود نوٹس پر سماعت میں وحیدہ شاہ نے عدالت سے معافی کی استدعا کی جسے چیف جسٹس نے مسترد کردیا اور آئی جی سندھ مشتاق شاہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آپ کو بھی معطل کردیا جائے ۔ اس موقع پر عدالت میں فوٹیج دکھائی گئی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ واقعہ رینجرز کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت سے بھی زیادہ سنگین ہے اور تھپڑ پوری قوم کو مارا گیا ہے۔ بعدازں سماعت 12مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے وحیدہ شاہ کیس میں سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ میں توسیع پر مجھ پر بوجھ تھا اس بوجھ کو اتارنے کے لیے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا اور قواعد کے تحت 30دن قبل الیکشن کمیشن کو استعفیٰ بجھوادیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن نے پولنگ عملے پر تشدد کا فوری نوٹس لیا دیر نہیں کی، ،کارروائی کے احکامات دئیے اور ایف آئی آر درج کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ وحیدہ شاہ کے خلاف الیکشن کمیشن کراچی آفس پر کل سمری ٹرائل ہوگا جس کے تحت اُنہیں تین ماہ کی سزا ہوسکتی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس پولنگ عملے کو سیکیورٹی دینے میں ناکام رہی ہے۔

خیبر ایجنسی میں جھڑپوں کے دوران 23شدت پسند ہلاک اور آٹھ سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے باعث 23شدت ہلاک ہوگئے ۔ جھڑپوں میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے 8سکیورٹی اہلکار بھی جاںبحق ہوگئے ہیں۔

انجنوں کی کمی کے باعث اندرون ملک ٹرینوں کی آمد و رفت میں گھنٹوں کی تاخیر برقرار ہے جس کے باعث مسافر مشکلات سے دوچار ہیں۔ملتان ریلوے سٹیشن پر کراچی سے ملکوال جانے والی سپر ایکسپریس پانچ گھنٹے، کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس اور حویلیاں سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس چار، چار گھنٹے جبکہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ریلوے انجنوں کی کمی کی وجہ سے ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مسافروں اور ان کے رشتہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

آئی ایم ایف کے قرضوں کی واپسی شروع ہونے کے باعث ایک ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 22 کروڑ سات 7 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہو گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی مجموعی مالیت سولہ ارب بیالیس کروڑ پینتالیس لاکھ ڈالر رہ گئی۔ اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر تقریبا 15 کروڑ ڈالر کی کمی سے بارہ ارب چھ کروڑ تئیس لاکھ ڈالر رہ گئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔آج صبح ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی08،اسکردو میں منفی 04جبکہ ہنزہ میں منفی03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر چندشہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد میں07،لاہور10، کراچی18، پشاور09،کوئٹہ منفی02،مظفرآباد07، لاڑکانہ13،حیدرآباد16، ساہیوال08، سرگودھا10، بہاولنگر13، فیصل آباد07جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں09ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *