عدلیہ سے یکجہتی کیلئے تحریک انصاف کا سونامی آج اسلام آباد سے ٹکرائے گا
مسلم لیگ ن کا قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ اجلاس میں بھی شدید احتجاج کا فیصلہ
اورکزئی ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں آٹھ عسکریت پسند ہلاک
بھوجا ائیر لائن کے تباہ ہونیوالے طیارے کا بلیک باکس آج امریکہ بھجوایا جائیگا
ایرانی پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صدر محمود احمدی نژاد کو شکست
اور
ایسٹورل اوپن مینز ڈبلز فائنل، اعصام الحق آج ایکشن میں دکھائی دیں گے
خبروں کی تفصیل :۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر قیادت عدلیہ یکجہتی مارچ آج اسلام آباد میں ہو گا۔ مارچ چائنہ چوک سے دن دو بجے شروع ہو کر ڈی چوک پارلیمنٹ ہاو¿س کے سامنے اختتام پذیر ہو گا جہاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر قائدین شرکاءسے خطاب کرینگے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں ہونیوالا مارچ تاریخی ہو گا۔ مارچ میں نوجوان ،بزرگ خواتین اور تمام مکاتب فکر کے لوگ شرکت کرینگے۔مارچ میں تحریک انصاف کے کارکن عدلیہ سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرینگے۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سزا کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی شدید احتجاج کی حکمت عملی طے کر لی ہے۔ پارٹی قیادت نے اس ضمن میں پارٹی کے اراکین سینیٹ کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔ قومی اسمبلی کی طرح اب سینیٹ میں بھی حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائیگا اوروزیراعظم اور کابینہ کی آئینی حیثیت و اہلیت کامعاملہ اٹھایا جائیگا۔
قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں آٹھ عسکریت پسند مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق اپر اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں لڑاکا طیارے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنارہے ہیں، جس کے دوران آٹھ عسکریت پسند ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوگئے۔ کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں کے دو ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
بھوجا ایئرلائن کے اسلام آباد کے قریب تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس آج امریکہ بھجوایا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تباہ شدہ طیارے کا بلیک باکس قطر ایئر لائن کے ذریعے امریکہ بھجوایا جائے گا، جہاں بوئنگ کمپنی کے ماہرین اس کا جائزہ لے کر حادثے کی وجوہات کا تعین کریں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تین رکنی ٹیم بلیک باکس لے کر امریکہ جائے گی جو 15 مئی کو واپس آئے گی۔واضح رہے کہ بھوجا طیارے کے حادثے میں 127 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایران میں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں صدر محمود احمدی نژاد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ایرانی پارلیمنٹ میں قدامت پسند سیاستدانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔290 رکنی پارلیمان کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 65 نشستوں کے لیے انتخاب ہوا، جن میں سے 41 احمدی نژاد کے مخالفوں کو ملیں جبکہ ا±ن کے حامی محض تیرہ نشستیں جیت پائے۔ واضح رہے کہ مارچ میں منعقدہ پہلے انتخابی مرحلے میں بھی احمدی نژاد کے حریف کامیاب رہے تھے۔
ایسٹورل اوپن کے مینز ڈبلز فائنل میں آج پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور ان کے ڈچ پارٹنر جین جولین روجرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔فائنل میں ان کا مقابلہ روس اور ازبک کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی سے ہوگا۔ فائنل میں کامیابی کی صورت میں اعصام الحق لندن اولمپکس کے لئے بھی کوالیفائی کرلیں گے۔