PPI NEWS Bulletin 0900 پی پی آئی نیوز بلیٹں

ہیڈلائنز:۔

میری والدہ پر طالبان نے حملہ کیا تھا، بلاول بھٹو زرداری
ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سزا پر امریکی سینیٹ نے پاکستانی امداد میں 33 ملین ڈالر کی کٹوتی کردی
حج کرپشن کیس، حامد سعید کاظمی کی درخواست بریت پر فیصلہ آج سنایا جائیگا
جسٹس شاکر اللہ جان قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان مقرر
ملک بھر میں بجلی کی بد ترین لو ڈ شیڈنگ جاری ،شارٹ فال آٹھ ہزار میگاواٹ سے تجاوز
اور
انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ آج سے نوٹنگھم میں شروع ہو گا
Business
Weather

 

خبروں کی تفصیل:۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو پر طالبان نے حملہ کیا تھا۔امریکی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ القاعدہ نے طالبان کو ان کی والدہ پر حملے کا کہا تھا۔انھوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو علم تھا کہ بے نظیر بھٹو پر حملہ ہوگا مگر اسکے باوجود ان کی والدہ کو بہتر سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

امریکی سینیٹ کی ایک کمیٹی نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کوتینتیس برس کی قید سنانے کے ردعمل میں پاکستان کی امداد میں تینتیس ملین ڈالر کی کٹوتی کی منظوری دی ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل خیبر ایجنسی کے ایک پولٹیکل ایجنٹ نے اپنے فیصلے میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو تینتیس برس کی قید سنانے کا اعلان کیا تھا۔سینیٹ کی غیر ملکی امداد کی منظوری دینے والی تیس اراکین پر مشتمل کمیٹی نے اپنے ایک متفقہ فیصلے میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سنائی جانے والی قید کے ہر ایک سال کے بدلے پاکستان کی امداد میں ایک ملین ڈالر کی کٹوتی کا فیصلہ کیا۔غیر ملکی امداد کے مجموعی بجٹ کی منظوری کے حتمی اجلاس کے دوران یہ ترمیم پیش کی گئی کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سزا کے عوض پاکستان کی امداد کاٹ لی جائے۔ کمیٹی کے کسی رکن نے اِس ترمیم کی مخالفت نہیں کی اور اسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

حج انتظامات میں بدعنوانی کے مقدمہ میں ملوث سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی بریت درخواست پر ٹرائل کورٹ کی جانب سے محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنایا جائیگا۔راولپنڈی میں اسپیشل جج سنٹر ل کی عدالت نے 23مئی کوحج کرپشن کیس میں حامدسعید کاظمی کی بریت کے حوالے سے دائردرخواست پر وکلاءکے دلائل مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے 25 مئی کو سنانے کا اعلان کیاتھا۔گزشتہ سماعت کے موقع پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار پیش ہوئے،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں حامدسعید کاظمی کیخلاف کرپشن کا ثبوت نہیں ملا وہ صرف غفلت کے مرتکب نظر آئے ہیں۔مقدمے کے ایک ملزم احمد فیض کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کررکھا ہے۔واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامدسعید کاظمی اس مقدمہ میں گزشتہ14ماہ سے زیر حراست ہیں۔

سپریم کورٹ کے جسٹس شاکر اللہ جان کو قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا گیا۔چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری انٹرنیشنل کانفرنس آف جیورٹس میں شریک ہوں گے۔کانفرنس میں چیف جسٹس کو ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔جس کی وجہ سے قائم مقام صدر نیر بخاری نے جسٹس شاکر اللہ جان کو قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا ہے۔واضح رہے کہ جسٹس شاکر اللہ جان سپریم کورٹ میں سب سے سینئر ترین جج ہیں۔

ملک بھر میں بجلی کی بد ترین لو ڈ شیڈنگ جاری ہے،شارٹ فا ل 8 ہزار میگاواٹ سے بھی تجا وز کر گیا ہے جسکے باعث شہروں میں 8 سے 12 گھنٹے جبکہ دیہا ت میں 16 سے 20 گھنٹے تک کی لو ڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ادھرلاہور میں جاری بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے ،لاہور کے مختلف علاقوں جن میں فیصل ٹاون،اچھرہ،باغبانپورہ ،کوٹ خواجہ سعید،چائنہ چوک،شاہدرہ ،بھاٹی گیٹ اور دیگر علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں مسلسل جاری رہنے والی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے اور لوگ سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ آج نوٹنگھم میں شروع ہو گا۔ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ انگلش ٹیم بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اترے گی جبکہ ویسٹ انڈیز میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔ ٹرینٹ برج اسٹیڈیم دونوں ٹیموں کے لئے خوش قسمتی کی علامت ہے۔ ویسٹ انڈیز کو یہاں کبھی شکست نہیں ہوئی جبکہ انگلینڈ نے یہاں آخری تین ٹیسٹ میچز بڑے مارجن سے جیتے ہیں۔

سونا دوبارہ مہنگا ہو گیا، عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت دس ڈالرز بڑھ گئی۔سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں ایک تولہ سونے کی قیمت پانچ سو روپے کے اضافے سے پچپن ہزار تین سو روپے اور دس گرام کی قیمت چار سو انتیس روپے کے اضافے سے سینتالیس ہزار چار سو روپے ہو گئی۔جبکہ چاندی کی قیمت نو سو پچاس روپے فی تولہ پر برقرار رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، تاہم شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج ملک کے چند شہروں میںزیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کچھ اس طرح رہنے کا امکا ن ہے ۔ اسلام آباد 38 اور 19، لاہور 42اور 26، کراچی 35 اور 27، پشاور37اور21، کوئٹہ34اور13، مظفرآباد39اور 16، ساہیوال 41 اور 22، سرگودھا 41 اور 20، بہاولنگر 44ا ور 26، فیصل آباد43اور 24 جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میںزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 اورکم سے کم درجہ حرارت 23ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکا ن ہے ۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *