امریکی وزیر خا رجہ کا پا کستانی ہم منصب حنا ربا نی کھر سے ٹیلیفونک را بطہ
بلوچستان بدامنی کیس، سپریم کورٹ کا تین لاپتہ افرادآ ج پیش کرنیکا حکم
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ،5 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی
پنجاب کے 5 ریجنز کوسی این جی کی فراہمی آ ج بھی معطل رہے گی
اور
میزائل تجربے کی سزا، شمالی کوریا پر پابندیاں سخت کر دیں گئیں
خبروں کی تفصیل:۔
.
امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کو ٹیلیفون کیاہے.دونوں نے پارلیمانی کمیٹی رپورٹ کے بعد پاک۔امریکا تعلقات کی بہتری کیلئے آئندہ اقدامات اور کابل حملوں پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کے واشنگٹن سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے برازیل کے دورے کے دوران پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے ٹیلیفون پر کابل حملوں پر بات چیت کی۔ اور مستقبل میں اس طرح کے دہشتگرد حملوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ ذمہ داری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرا خارجہ نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مزید پیش رفت پر گفتگو کی۔
سپریم کورٹ نے بلوچستان سے لاپتہ تین نوجوانوں کی بازیابی کیلئے صوبائی حکومت کو آخری موقع دیتے ہوئے آ ج ہر حال میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ گذشتہ رو ز چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے آئی جی بلوچستان کی عدم حاضری اور تین لاپتہ نوجوان پیش نہ کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے بتایا کہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث آئی جی پیش نہیں ہوئے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئی جی جان بوجھ کر نہیں آئے،یہ سب بہانے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے لاپتہ نوجوانوں کو پیش کرنے کیلئے مزید مہلت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی سمیت تمام افسران جانتے ہیں کہ یہ نوجوان کہاں ہیں،لیکن وہاں جاتے ہوئے ان کے پر جلتے ہیں۔عدالت نے بلوچستان حکومت کو تینوں لاپتہ نوجوانوں کی ہر حال میں بازیابی کیلئے آ ج تک کی مہلت دیتے ہو ئے سماعت ملتوی کردی تھی ۔
.کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق کورنگی نمبر 4 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیاجبکہ گولی لگنے سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔کورنگی زمان ٹاو?ن میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے بس ڈرائیورکو ہلاک کردیا۔اس سے قبل سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر واقع الاصف اسکوائر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ایم اے جناح روڈ پر کیپری سینماءکے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عاصم قائم خانی کے مطابق کریم آباد کے علاقے میں مینا بازار کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔اس کے علاوہ بلدیہ ٹاون،لی مارکیٹ ، لیاری اور غریب آباد میں بھی پرتشدد واقعات میں دو بچیوں اور خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔
لاہور،ساہیوال اور شیخوپورہ ریجن کے سی این جی اسٹیشنزکو گیس کی سپلائی آ ج بھی بند رہے گی ۔ گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول کے تحت لاہور ،ساہیوال اور شیخوپورہ ریجن کے تمام سی این جی اسٹیشنز پر گذشتہ رو ز سے تین دن کیلئے گیس کی فراہمی بند کردی گئی ہے ۔سی این جی کی بندش کے باعث عوام کا کہنا ہے کہ انہیں تین روز تک اپنی گاڑیوں میں مہنگا پٹرول ڈلوانا پڑتا ہے جس سے ان کا بجٹ سخت متاثر ہوتا ہے۔ دوسری جانب سی این جی انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے سی این جی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ کیے تو اربوں روپے کی لاگت سے بنائی جانے والی یہ انڈسٹری تباہ ہوجائے گی۔
اقوام متحدہ نے شمالی کوریا کو متنبہ کرنے کے باوجود میزائل تجربہ کرنے کی پاداش میں اس پر عائد پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا کےلئے نئی تنبیہ میں کہا گیا ہے کہ وہ اس قسم کے اقدامات سے باز رہے ورنہ شمالی کوریا پر مزید پابندیاں بھی لگائی جاسکتی ہیں جس سے وہ دنیا میں تنہا رہ جائے گا۔ سلامتی کونسل کے 15 ارکان اور مستقل ممبر چین نے بھی شمالی کوریا کے اس اقدام پر انتہائی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے ایشیا کی سیکیورٹی کو خدشات پیدا ہوسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے راکٹ کا تجربہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔