Nepal: Cricket Unites a Divided Nationنیپالی کرکٹ ٹیم

اپنی تاریخ میں پہلی بار نیپال نے آئندہ برس بنگلہ دیش میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں جگہ بنالی ہے، یہ اس ملک کی تاریخی کامیابی مانی جارہی ہے اور نیپالی عوام نے اس موقع پر جشن مناکر اپنی خوشی کا اظہار کیا، اسی بارے میں سنتے ہیں آج کی رپورٹ

کرکٹ کے سینکڑوں پرستار کھٹمنڈو کے ہوائی اڈے کی لابی میں بے تابی سے اپنے ہیروز کا انتظار کررہے ہیں، متعدد افراد نے نیپال کے قومی جھنڈوں کو اٹھا رکھا ہے۔

یہ سب لوگ نیپالی کرکٹ ٹیم کے استقبال کیلئے جمع ہیں، کیونکہ اس نے آئندہ برس بنگلہ دیش میں شیڈول ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے،پریش خادکا نیپالی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔
پریش خادکا”یہ ہماری زندگی کا سب سے بڑا لمحہ ہے اور ہماری کھیلوں کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی ہے، ہم نے اس لمحے کیلئے سخت محنت کی ہے، جب سے ہم نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا اس وقت سے ہم ورلڈکپ میں رسائی کا خواب دیکھ رہے ہیں، ہم مستقبل میں اپنے کھیل کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم دنیا کی بہترین ٹیموں میں جگہ بنانا چاہتے ہیں”۔

نیپال کی قومی کرکٹ ٹیم نے کبھی کوئی بین الاقوامی ٹرافی نہیں جیتی، یہی وجہ ہے کہ بیشتر نیپالی شہری ورلڈکپ مقابلوں کے دوران بھارت، پاکستان یا آسٹریلیا وغیرہ کی حمایت کرتے نظر آتے ہیں، تاہم گزشتہ پانچ برسوں کے دوران نیپالی ٹیم تیزی سے بہتری کے راستے دوڑتی رہی ہے۔

اور آج ہزاروں افراد کھٹمنڈو میں کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے جمع ہیں۔ بائیس سالہ رتیش بھٹیل کو اپنی ٹیم پر فخر ہے۔
رتیش بھٹیل”کرکٹ نے سیاستدانوں کو پیغام دیا ہے کہ کس طرح لوگوں کو خوشی دی جاسکتی ہے، کرکٹ ہمارے ملک کا نام اونچا کررہی ہے، تو ہمارے رہنماﺅں کو بھی ٹیم سے سبق سیکھنا چاہئے، ٹیم کی کامیابی نے ہم سب کو خوش کردیا ہے”۔

نیپال میں طویل عرصے سے سیاسی انتشار سے حالات خراب ہیں، مگر کرکٹ ٹیم کی کامیابی نے نیپالیوں کو چہرے پر خوشی بکھیر دی ہے، بیس سالہ آنو راگ آچاریا انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
آنو راگ آچاریا”سیاست نے سب کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے، مگر اب کرکٹ قومی فخر کا ذریعہ بن گئی ہے، کرکٹ نے ہم سب کو متحد کردیا ہے”۔

نیپالی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب کا اعزاز کیا، جس میں شرکت کیلئے کھلاڑی پھولوں اور نیپالی پرچم سے سجے ٹرک میں پہنچے۔

سڑک کی دونوں جانب لوگوں کا ہجوم اپنے ہیروز کیلئے نعرے لگانے اور تالیاں بجانے میں مصروف تھا، چیف سیکرٹری پوڈیل لیلا مانی نے مستقبل میں کرکٹ کیلئے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔

پوڈیل لیلا مانی “ہم اپنی ٹیم پر مزید پریشر نہیں ڈالیں گے، بلکہ ہم انہیں کھیل کیلئے موزوں ماحول فراہم کریں گے۔ ہم پریکٹس کیلئے ایک ان ڈور اسٹیڈیم تعمیر کریں گے اور میرا ماننا ہے ٹیم قوم کی خوشی کیلئے مزید کامیابیاں حاصل کرے گی”۔
نیپلای حکومت اور کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس کامیابی پر ہر کھلاڑی کو گیارہ ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔