بلوچستان بلدیاتی انتخابات : نیشنل پارٹی کی پہلی ،ن لیگ کی دوسری پوزیشن
ریٹائرمنٹ سے کچھ ماہ پہلے چہ مگوئیاں ہوئیں کہ مجھے توسیع ملے گی ،چیف جسٹس
برطانوی ایئرٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی، سیکڑوں پروازیں منسوخ
ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ اسرائیلی توقعات کے مطابق ممکن نہیں،اوباما
اور
پاکستان اور افغانستان کے درمیان واحد ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا۔
خبروں کی تفصیل:۔
بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق نیشنل پارٹی نے پہلی پوزیشن جبکہ ن لیگ نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔اب تک کے نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں نیشنل پارٹی کی پہلی ،ن لیگ کی دوسری پوزیشن، جے یوآئی ایف اورپشتونخواملی عوامی پارٹی میں سخت مقابلہ ہے تاہم آزادامیدوار وں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اوریہی میئرکے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ کرپشن کے معاملات پر فیصلوں سے عوام کو باور کرایا کہ کوئی قانون سے بالا تر نہیں۔جسٹس تصدق جیلانی سے بہت امیدیں ہیں۔ آنے والی عدلیہ بھی اس طرح کام کرتی رہے گی۔ ہم نے ملک میں آئین کا نفاذ اور تمام اداروں کو آئین کے مطابق چلانا ہے۔ریٹائرمنٹ سے کچھ ماہ پہلے چہ مگوئیاں ہوئیں کہ مجھے توسیع ملے گی۔چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کا راول پنڈی میں ہائی کورٹ بار پہنچنے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پر تپاک استقبال کیا گیا۔وکلاءنے ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ریٹائرمنٹ سے کچھ ماہ پہلے چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ انہیں شاید موجودہ سیٹ اپ سے توسیع مل رہی ہے۔ ریٹائرمنٹ کو تویوم تشکر کے طور پر منانا چاہئے۔ریٹائرمنٹ کے بعد ہاتھ کھل جاتے ہیں۔ جدوجہد میں زیادہ آسانی ہوتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی گزار دی جنگیں لڑتے ہوئے لیکن یہ کسی کمزور یا غریب کے خلاف نہ تھیں بلکہ صرف طاقت، ناانصافی اور ظلم کے خلاف تھیں۔
برطانیہ کے ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔برطانوی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول کے مرکز میں خرابی پروازوں میں تعطل کی وجہ بنی۔ تکنیکی خرابی کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ہوائی اڈوں میں ہیتھرو، Gatwick اور Stansted ایئر پورٹ شامل ہیں۔ہیتھرو ایئر پورٹ پر 228پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ ڈبلن سے گلاسگو تمام پروازیں 11 گھنٹے کے لئے تاخیر کا شکار ہوئیں۔پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ اسرائیل کی توقعات کے مطابق ممکن نہیں۔تاہم تہران کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایران جوہری ہتھیار نہ بنائے۔ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے پر اسرائیل کی جانب سے تنقید کے حوالے سے امریکی صدر بارک اوباما نے واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے جوہری معاہدے میں امن مقاصد کے لیے یورینیم کی افزائش کی اجازت دینے کے علاوہ کو ئی راستہ نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ سخت شرائط کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ ممکن نہیں ہوتا۔ہمارا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز سے پہلے ہمسایہ ملک افغانستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلے گی۔ سری لنکا سے سیریز کی تیاری کے لیے شیڈول میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہو گا۔پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے سیریز کی تیاری کے لیے افغانستان کے خلاف میچ کو اہم قرار دیا ہے۔دوسری طرف پڑوسی ملک افغانستان بھی پاکستان کو زیر کر کے دنیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بے چین ہے۔پاکستانی ٹیم میں آف اسپنر سعید اجمل ذاتی مصروفیات کی وجہ سے افغانستان کے خلاف میچ میں شریک نہیں ہونگے جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے پرامید ضرور ہیں۔