Z..A.Bukhari’s Death Anniversary زیڈا۔اے بخا ری کی بر سی

پاکستان میں بابائے نشریات کے لقب سے معروف سید ذوالفقار علی بخاری المعروف زیڈ اے بخاری 1904ءمیں پشاور میں پیدا ہوئے۔
آپ نے گورنمنٹ کالج پشاور سے میٹرک اور اورینٹل کالج لاہور سے منشی فاضل کیا۔1935ءمیں دہلی ریڈیو سے وابستہ ہوگئے۔ 1938ءمیں براڈ کاسٹنگ کی تربیت حاصل کرنے لندن گئے اور اسی زمانے میں بی بی سی سے اردو سروس شروع کی۔ لندن سے واپس آکر آپ بمبئی اور بعد ازاں کلکتہ ریڈیو سٹیشن کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔
قیام پاکستان کے بعد ریڈیو پاکستان کے پہلے ڈائریکٹر جنرل زیڈ اے بخاری تھے۔ وہ ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے ایک اچھے منتظم کے علاوہ وہ ایک بہترین براڈ کاسٹر بھی تھے اس کے علاوہ نہ صرف یہ کہ وہ شعر بھی کہتے بلکہ وہ موسیقی کی باریکیوں سے بھی واقف تھے۔
اپنی گھمبیر اور گہری آواز پر ان کو مکمل دسترس حاصل تھی ریڈیو پر نشر ہونے والے ڈراموں میں جس قسم کا بھی کردار ان کو دیا جاتا وہ اس کردار کے تقاضوں کے مطابق اپنی آواز کو ڈھال لیتے آواز بدلنے میں ان کو ملکہ حاصل تھا۔ ریڈیو پر دو ڈرامے ایسے بھی نشر ہوئے ہیں کہ جنہوں نے بے پناہ عوامی مقبولیت حاصل کی ہے ایک تھا ، رستم اور سہراب، اور دوسرا، لائٹ ہاوس کا محافظ، ان ڈراموں میں صرف دو دو کردار تھے اور ان دونوں کرداروں کو بیک وقت زیڈ۔ اے بخاری نے ادا کیا تھا۔
پاکستان میں ٹیلی وڑن کا اجراہوا تو تین ماہ اس کے جنرل مینجر رہے۔آپ کو فارسی۔ اردو ، پنجابی اور انگریزی پر یکساں عبور حاصل تھا۔ اس کے علاوہ بنگالی ، برمی اور پشتو بھی جانتے تھے۔آپ نے دو کتابیں سرگزشت بخاری اور راگ ودیا بھی تحاریر کیں۔
بارہ جولائی 1975ءکو کراچی میں آپ کا انتقال ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *