دوستوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ، ہر انسان ایک مخلص اور سچا دوست چاہتا ہے۔اس رشتے کی اہمیت مدنظر رکھتے ہوئے آج دنیا بھر میں دوستی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
دوستی انسان کے عزیز ترین رشتوں میں سے ایک ہے اور دنیا میں وہ انسان غریب ہے جس کے پاس ایک مخلص دوست نہ ہو۔
فرینڈ شپ ڈے ہر سا ل اگست کے پہلے اتوار کو منا یا جا تا ہے ، اس موقع پر ہر عمر کے لوگ اپنے دوستوں کوتہنیتی کارڈز اور مختلف تحائف دیتے ہیں۔
آج کی تیز رفتار زندگی میں یہ دن اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ دوستوں کو ملنے کا ایک بہانہ مل جا تا ہے۔
زندگی میں دوستوں کی اہمیت اور دوستی جیسے انمول رشتے کو مزید تقویت دینے کے حوالہ سے دوستی کے عالمی دن کو دن بدن اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔
دوستی کے اس دن کو امن، بھائی چارے اور سکون کی علامت کے طور پر لیا جاتا ہے۔
اس دن کو منانے کے حوالہ سے ایک روایت ہے کہ 1935ءمیں امریکہ کے اندر بعض لوگوں نے اپنے دوستوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک میلے کا انعقاد کیا۔
یہ میلہ آہستہ آہستہ مقبولیت کا درجہ حاصل کرتا چلا گیا اور امریکہ کے بعض علاقوں میں ثقافت کا ایک اہم حصہ قرار دیا جو بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک میں بھی مقبول ہوا اور اسی نوعیت کے میلے دیگر ممالک میں بھی منعقد ہونے لگے۔
بعد ازاں اس میلے کو روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اگست کے پہلے اتوار کو دوستی کا عالمی دن منانے کی ریت پڑ گئی۔
1997 میں اقوام متحدہ نے مشہور افسانوی کرداربھالو( winnie the pooh) کو دوستی کا سفیر قرار دیا۔
دوستی چاہے انسان سے انسان کی ہو یا ایک ملک سے دوسرے ملک کی اس رشتے سے خلوص محبت کی مہک آتی ہے اور اس مہک کو میلوں دور سے محسوس کیا جاسکتا ہے۔
آج کے دور میں انٹرنیٹ کے ذریعے پاکستان میں بیٹھا شخص امریکہ، افریقہ یا کسی بھی ملک کے باشندے سے دوستی کرسکتا ہے، اس طرح یہ رشتہ دن بدن مزید مضبوط ہوتا چلا جارہا ہے۔