پاکستان میں الیکشن کی آمد آمد ہے۔۔۔جہاں سیاسی جماعتیں سالوں پرانے دعوں کو قلعی کر کے پھر سے نیا کرنے کے بعدمیدان عمل میں اُتر آئیں ہیں وہیں یہ معاملہ بھی سر اُٹھا رہا ہے کہ جن علاقوں میںخواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا جاتا ہے وہاں کس قسم کی حکمت عملی اختیار کی جائے ۔خیبر پختونخوا سمیت کئی قبائلی علاقوں میں خواتین کو اُنکے گھر کے مردوں کی جانب سے یہ اجازت نہیں دی جاتی کہ وہ پولنگ بوتھ میں جا کر اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیںیہی وجہ ہے کہ اِن علاقوں میں خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مردوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔۔جبکہ یہاں کے مردوں کا سوچنا ہے کہ وہ ہی اپنے خاندان کی خواتین کے نمائندہ ہیں اور اگر اُنکے گھر کی خواتین ووٹ ڈالیں گی تو بھی صرف اُسی امیدوار کو جسے وہ چاہیں گے۔۔۔
اس سلسلے میں ہم نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی رکن زرقا بی بی سے دریافت کیا کہ ملک کے کچھ علاقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے کیوں روکا جاتا ہے تو انھوں نے وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا:
پچھلے کچھ سالوں میں ملکی سیاست میں خواتین کی شمولیت کا بھر پور رجحان دیکھنے میں آیا ہے دیگر شعبہ جات کی طرح قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی خواتین امیدوار منتخب ہو کر مثبت خدمات انجام دے رہی ہیںدوسری جانب خواتین کو اُنکے قانونی حق سے محروم رکھا جاتا ہے جبکہ اپنے ووٹ کے ذریعے اہل امیدوارو ں کو حکومت میں آنے کا موقع دینا مرد و خواتین دونوں کا حق ہے:
کہا جا رہا ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں مردان اور میانوالی میں خواتین ووٹر زکے حوالے سے سیٹلمنٹ کی گئی تھی جبکہ خواتین ووٹرز کو اُنکے حق سے محروم رکھنے کی بھی کوشش کی گئی، رکن خیبر پختونخوا اسمبلی زرقا بی بی کا کہنا ہے ایسا ہونا ممکنات میں شامل ہے:
زرقا بی بی کا ماننا ہے کہ اس صورتحال کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئیے اوراگر اس معاملے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عملی طریقہ کار وضع کیا جائے تو مثبت نتائج دیکھنے میں آسکتے ہیں:
خیبر پختونخوا سمیت دیگرپشتو اورقبائلی علاقوں میں ایک طبقہ ایسا ہے جہاںخواتین اعلیٰ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد سیاسی لیڈر اور منسٹر کی حیثیت سے اپنا لوہا منوا رہی ہیں اور دوسری جانب ایک طبقہ وہ ہے جسے بنیادی ضروریات زندگی بھی حاصل نہیں ، یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ بیشتر خواتین کے شناختی کارڈ تک نہیں بنے ہوئے جس کی وجہ سے ان خواتین کے ووٹ ضائع ہو جاتے ہیں:
پاکستان کی آبادی کا نصف حصہ ہونے کی حیثیت سے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کی شمولیت بے حد ضروری ہے جبکہ ووٹ ڈالنا تو ہر شہری کا حق ہے،اس حوالے سے لوگوں کی عمومی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ،دوسری جانب اگر الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مثبت حکمت عملی اختیار کی جائے تو بھی صورتحال میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آسکتی ہے۔
