پاکستان کا حتف 9 نصر میزائل کا کامیاب تجربہ
توقیر صادق کیس، سپریم کورٹ نے تمام اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی
شاہ زیب قتل کیس، بالغ ثابت ہونے پر شاہ رخ جتوئی کو بچہ جیل سے سینٹرل جیل منتقل کرنیکا حکم
بھارت کشمیریوں کی خواہشات کو دبانا چاہتا ہے، دفتر خارجہ
ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح سو روپے تک پہنچ گیا
ڈیوس کپ ٹائی، پاکستان نیوزی لینڈ کی میزبانی ملائیشیاءمیں کرنیکا خواہشمند
اور
لندن میں بافٹا ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب، آرگو بہترین فلم قرار
خبروں کی تفصیل:۔
پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل حتف 9 نصر کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حتف 9نصر جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور زمین سے زمین پر ہدف کو نشانہ بنانے کے حوالے سے اس کا تجربہ مکمل طور پر کامیاب رہا۔یہ میزائل بالخصوص کم فاصلے تک خطرات سے نمٹنے کے فوری ردعمل کی ضرورت کے تحت تیار کیا گیا ہے۔نصر انتہائی تیزی کے ساتھ داغے جانے کی ٹیکنالوجی سے لیس ملٹی ٹیوب میزائل ہے ، نصر میزائل نظام کا مقصد کم فاصلے کے خطرات اور اہداف سے نمٹنا ہے۔میزائل تجربہ پر صدر اور وزیر اعظم نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔
سپریم کورٹ نے توقیر صادق کیس کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی، اس موقع پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور یواے ای قیدیوں کا تبادلہ کرسکتے ہیں تو توقیر صادق کے معاملے پر ہچکچاہٹ کیوں ہے۔جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اوگراعملدرآمد کیس میں توقیر صادق کی گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت کی ، دوران سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ نے استفسار کیا کہ توقیر صادق کو انٹرپول کے ذریعے ابھی تک کیوں گرفتار نہیں کیا گیا جواب میں نیب کے وکیل نے بتایا کہ ڈی پورٹ کرنے کے معاملے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹرجنرل کے کے آغا نے کہا کہ دبئی حکام توقیر صادق کو حوالے کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہے ہیں، نیب کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ توقیرصادق کی حوالگی کے حوالے سے دبئی کے حکام نے موقف تبدیل کرلیا تھا ہمیں دبئی حکام نے بتایا کہ اسے ڈی پورٹ کردیا جائے گا لیکن جب ہم پاکستان پہنچے تو ڈی پورٹ کا نہیں حوالگی کا مسئلہ چل رہا تھا۔
شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر 19 سال سے زائد ثابت ہوگئی، عدالت نے ملزم کو دیگر ملزمان کے ساتھ سینٹرل جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کے لئے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کردی جس میں شاہ رخ کی عمر 19 سال سے زائد ثابت ہوگئی، اس موقع پر ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر محمد توفیق کا کہنا تھا کہ عدالت نے شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین کے لئے پہلے جو نوٹس ارسال کیا تھا وہ ان تک نہیں پہنچا تھا، پولیس نے عمر کے تعین کے لیے ملزم کو خود پولیس سرجن کے روبرو پیش کیا جبکہ انہیں ہر بات سے لاعلم رکھا گیا، شاہ زیب قتل کیس میں پولیس نے چالان کے لئے 7 دن کی مہلت طلب کرلی جبکہ عدالت نے کیس کی سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو افضل گرو کی پھانسی کے بعد بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں کیے گئے سخت اقدامات پر تشویش ہے۔ بھارت کشمیریوں کی خواہشات کو دبانا چاہتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ معظم علی خان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ افضل گورو کے عدالتی ٹرائیل پر بات نہیں کریں گے، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں اس پر بحث ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، بھارت کشمیر میں کیے گئے اقدامات ختم اور گرفتار حریت رہنماو¿ں کو فوری طور پر رہا کرے۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری جاری ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے سنچری کر لی۔ کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں روپے کی قیمت مزید دس پیسے گر گئی، جس سے ڈالر ننانوے روپے اسی پیسے میں خریدا اور سو روپے میں فروخت ہو رہا ہے، ساتھ ہی طلب میں اضافے کی وجہ سے انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر ستانوے روپے اٹھانوے پیسے سے بڑھ کر اٹھانوے روپے دو پیسے پر ٹریڈ کررہا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ ٹریڈنگ سیشنز میں انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں فرق دو روپے تک پہنچ گیا ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن نیوزی لینڈ کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی کے میچ ملائیشیا میں کھیلنے کی خواہاں ہے۔یادرہے کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کیخلاف میزبانی دینے سے انکارکردیا تھا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری ممتاز یوسف کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی کیلیے نیوٹرل وینیو کا انتخاب ایک ہفتہ تک کر لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ٹائی ملائیشیا میں کرانے کیلیے پاکستان نے درخواست دی ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ ایک ہفتہ تک نیوٹرل وینیو کا فیصلہ ہو جائے گا۔
برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس کے67 ویں سالانہ ایوارڈز کی تقریب لندن کے رائل اوپرا ہاﺅس میں ہوئی۔ تقریب میں امریکی اور برٹش فلم انڈسٹری کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ہالی وڈ فلم آرگو کوبہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ فلم انقلاب ایران کے بعد یرغمال بنائے امریکیوں کی رہائی کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے۔جیمز بونڈ کی فلم اسکائی فال برطانیہ کی غیر معمولی فلم ہونے کا ایوارڈ لے اڑی۔فلم آمورکی ہیروئین امانویلا ریوا کو بہترین مرکزی اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ فلم لنکن میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والے ڈینئل ڈے لیوس کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔