PPI NEWS Bulletin1300 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لائنز:۔

سرکاری سکولوں کی حالت زار پر جھوٹی رپورٹ جمع کرانیوالوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں،سپریم کورٹ
کراچی،ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ اور تشدد سے5 افراد ہلاک
شدید دھند کے با عث پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 7افراد جاں بحق
پنجاب میں ہڑتالی ڈاکٹروں پر تشدد کیخلاف ڈاکٹروں کی ہڑتال، مریض خوار
پاکستان میں تمام بچوں تک تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں ،شیری رحمان
اور
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی

خبروں کی تفصیل:۔

سپریم کورٹ نے عدالتوں میں سرکاری اسکولوں کی حالت زار سے متعلق جھوٹی رپورٹس جمع کرانے والے سرکاری افسروں کیخلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ شرم کی بات ہے کہ سرکاری سکولوں میں جانور بندھے ہیں۔سپریم کورٹ میں سرکاری سکولوں کی حالت زار سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی. چیف جسٹس نے کہا کہ حکمرانوں کی غفلت کے باعث ملک کے سکولوں کا برا حال ہے اور قوم کا مستقبل تباہ کیا جارہا ہے. انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔ یہ ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ سپریم کورٹ میں سندھ حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں اسکول کام کر رہے ہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ سندھ میں ننانوے سرکاری سکول بند ہیں تو وہاں کے اساتذہ تنخواہیں کیوں لے رہے ہیں جس پر سپشل سیکرٹری ایجوکیشن سندھ نے بتایا کہ نہیں معلوم کہ سکول کیوں بند ہیں۔

کراچی میں ہفتے کے آغاز پر ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس افسر اور تاجر سمیت 5 افراد جاں بحق اور زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کراچی کے اولڈ ایریا کے مصروف کاروباری علاقے کھارادر جوڑیا بازار کی بانٹوا گلی میں موٹرسائیکلوں پر سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے تاجر عمران یوسف کو ہلاک کردیا، مقتول نے اپنی حفاظت کیلئے سیکورٹی گارڈ ساتھ رکھا ہواتھا، گھات لگا کر کیے گئے حملے میں سیکورٹی گارڈ شہزاد زخمی ہوگیا، واقعہ صبح ساڑھے نو بجے پیش آیا۔ لانڈھی کے علاقے شیرپاو¿ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی ذوالفقار علی جاں بحق ہوگیا۔ اس کے کچھ دیر بعد سچل کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاو¿ن میں کچرا کنڈی سے افراد کی ہاتھ پاو¿ں بندھی تشدد زدہ لاشیں ملیں، پولیس کے مطابق انہیں اغوا کے بعد قتل کیا گیا۔ علاوہ ازیں بن قاسم کے علاقے میں ایک گودام کے قریب فائرنگ سے حضرت عمر نامی شخص ہلاک ہوگیا۔

شدید دھند کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات ،7 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔نواحی علاقے نورشاہ کے قریب تیز رفتار بس سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو مسافر جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔ پولیس نے حادثے کی وجہ دھند کو قرار دیا ہے۔حادثے میں زخمی ہونیوالے افراد کو ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا ہے۔شیخوپورہ میں دھند کے باعث مختلف مقامات پر حادثات سے 4 افراد جاں بحق 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔دوسری جانب شجاع آباد میں بھی دھند کی وجہ سے موٹرسائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا،جبکہ موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس کے استعمال اور رفتار آہستہ رکھنے کی ہدایایت کی ہے

ڈاکٹروں پر تشدد کے خلاف لاہور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسپتالوں کے ان ڈور اور آو¿ٹ ڈور بند ہیں۔ معمول کے آپریشن بھی ملتوی کردیے گئے ہیں، جس سے مریضوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نوجوان ڈاکٹر وں کی تنظیم نے گزشتہ روز پولیس تشدد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج مختلف ہسپتالوں کے آو¿ٹ ڈورز اور ان ڈورز بند کر دیے جس سے معمول کے آپریشن بھی ملتوی ہو گئے۔ مریضوں اور ان کے لوا حقین کو اس حوالے سے خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نوجوان ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صرف شعبہ حادثات میں کام ہو رہا ہے جبکہ دیگر ہر قسم کی سروس بند کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب سروسز اسپتال میں قائم بھوک ہڑتالی کیمپ بھی جاری ہے وہاں موجود ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں تمام بچوں تک تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ملالہ کا خواب پورا ہوسکے۔، واشنگٹن کی جارج ٹاون یونی ورسٹی میں سٹیزن فاونڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے شہری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ تعلیم ہی ہے جو ملالہ جیسے بہادر بچے پیدا کرتی ہے اور ایسے ہی روشن ستارے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ہر لڑکی کو تعلیم دلانے کے لیے ملالہ فنڈ پاکستان کی جانب سے ایک عزم کا اظہار ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ملالہ فنڈ کے لیے 10 ملین ڈالر مختص کرنا تعلیم کے لیے اسکی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت استور اور اسکردو میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دیگر چند شہروں میں درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔ اسلام آباد 22اور03، لاہور23اور05، کراچی30اور12، پشاور22اور05، کوئٹہ16اور منفی 02، مظفرآباد23اور04، فیصل آباد22اور07، ملتان22اور10جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں 19 اور 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *