PPI NEWS Bulletin0900 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لائنز:۔

خیبر پختونخوا کا 344 ارب سے زائد کا بجٹ پیش،کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا
سندھ بجٹ پیش، گریڈ 15 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ
ونڈ انرجی منصوبے میں میگا کرپشن ، اربوں روپے کا فراڈ
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تربیتی کیمپ میں شرکت کیلئے آج کراچی پہنچیں گے
Business News
اور
ملک کے بیشتر مقامات پر موسم خشک، چند مقامات پر بارش کا امکان

خبروں کی تفصیل:۔

خیبر پختونخوا کا 344 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کر دیا گیا، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، پنشن 3 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار کر دی گئی، 2015ءتک ملینیم ڈویلپمنٹ پروگرام کا ہدف حاصل کرنے کا اعلان، تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا, تعلیم کے لئے 66 ارب 80 کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے. خیبر پختوانخوا کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ سراج الحق نے پیش کیا۔ بجٹ تقریر میں ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ صوبے کو دوبارہ امن کا گہوارہ اور پشاور کو پھولوں کا شہر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات اور ڈیرہ غازی خان میں 1122 کا نظام قائم کیا جائے گا۔ صوبے میں جلد انتخابات کروائے جائیں گے۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے ایک ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ بجٹ 2013-14ء میں کیلاش برادری کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔

آئندہ مالی سال کے لئے سندھ کا 617 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ پیش کردیا گیا ہے جس میں گریڈ ایک سے 15 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ محکمہ پولیس کے لئے 48 ارب 63 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔سندھ اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو پر امن انتقال اقتدار ہوا اور وفاق اور پنجاب میں عوام نے میاں نواز شریف کو مینڈیٹ دیا لیکن سندھ کے عوام نے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کو اہمیت دی، پاکستان کی ترقی سندھ کی ترقی سے مشروط ہے، پہلی ترجیح صوبے میں امن و امان قائم کرنا ہے اس کے علاوہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرے گی۔ آئندہ مالی سال کے کئے تیار کئے گئے بجٹ کا مقصد سماجی اور معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنا ہے۔

وزارت پانی اور بجلی کی جانب سے ونڈ انرجی منصوبے میں میگا کرپشن چھپانے کی کوشش کی گئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ونڈ انرجی منصوبے میں اربوں روپے کا فراڈ کرنے والی غیر ملکی کمپنی کو کلین چٹ دی جا رہی ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ ترکی کی ونڈ انرجی کمپنی زورلو نے معاہدے کی خلاف ورزی کی 49 میگاواٹ جم پیر منصوبے کی معلومات دے کر 6 میگاواٹ کا منصوبہ لگایا اور نیپرا سے جھوٹ بول کر منصوبے کیلئے ٹیرف حاصل کیا جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں خریدی گئی غیر معیاری ٹربائینز 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ظاہر کی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق حیسکو کی جانب سے منصوبے سے بجلی حاصل کرنے کیلئے بچھائی گئی کروڑں کی لائن بیکار گئی اور منصوبہ چلتے ہی بند ہو گیا۔ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر حیسکو نے کمپنی کو 2 ارب 50 کرو?ڑروپے جرمانہ کر دیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ورلڈ ہاکی لیگ کی تیاری کیلئے آج کراچی پہنچیں گے، تربیتی کیمپ میں ٹرینگ کا آغا ز کل سے ہوگا۔ ورلڈ ہاکی لیگ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ کل سے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم شروع ہوگا،کھلاڑی آج شام تک کوچ حنیف خان کو رپورٹ کریں گے۔ جونیئر ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں شامل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد کھلاڑیوں کی تعداد 33ہوگئی ہے۔

دو ہزار سترہ تک پاکستان کے قرضوں کا حجم دوگنا ہو جائے گا، جب کہ تیل کی درآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔آئی ایم ایف کے مطابق دو ہزار سترہ تک پاکستان کے قرضے جی ڈی پی کے ستر فیصد تک پہنچ جائیں گے۔ موجودہ ملکی قرضوں کی شرح چودہ ہزار ارب کے قریب ہے جب کہ دو ہزار سترہ میں یہ اٹھائیس ارب روپے تک پہنچ جائیں گے۔ اس کے علاوہ تیل کا درآمدی بل بھی پندرہ ارب ڈالر کے قریب پہنچ جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا موجودہ سلسلہ تھمنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم اس دوران اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔آج ملک کے چند شہروں میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد33 اور22، لاہور34 اور24 ، کراچی35 اور30، پشاور35اور22، کوئٹہ34 اور18، مظفرآباد31اور18، فیصل آباد35 اور24، ملتان37 اور25جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں ذیا دہ سے ذیادہ 35اورکم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔