PPI NEWS Bulletin0800 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

حکومت کا طالبان کیخلاف فضائی حملے روکنے کا اعلان
طالبان کے خلاف کارروائیاں روکنے کا فیصلہ خوش آیندہے،پروفیسر ابراہیم
یوکرین میں فوجی مداخلت کاکوئی ارادہ نہیں؛ امریکی حکام
اور
بھارت کیخلاف پرفارم کرکے بہت خوش ہوں ، شاہدآفریدی

خبروں کی تفصیل:۔

طالبان کی طرف سے عارضی جنگ بندی کے فیصلے کے بعد حکومت نے بھی فضائی حملے معطل کرنے کااعلان کیا ہے۔وزیرداخلہ چوہدری نثار نے طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی جنگی طیاروں کے حملے روک رہی ہے تاہم انھوں نے واضح کیا کہ کسی بھی پرتشدد کارروائی کیخلاف حکومت اور افواج پاکستان بہرحال مناسب جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے اس وقت سے کوئی باقاعدہ فوجی آپریشن کیا گیا نہ کسی قسم کی بلاجواز کارروائی کی گئی۔ اس دوران جو بھی کارروائی ہوئی ہے وہ تشدد کی کارروائیوں کے ردعمل میں اور انھیں روکنے کے لیے کی گئی ہے۔

طالبان کی رابطہ کار کمیٹی کے رکن پرفیسر ابراہیم نے طالبان کے خلاف فضائی کارروائیاں روکنے کے حکومتی فیصلے کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔انھوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں کی آیندہ چند روز میں ملاقات ہو سکتی ہے۔ تاہم اس سلسلے میں اب تک حکومتی کمیٹی کی طرف سے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین میں فوجی مداخلت کاکوئی ارادہ نہیں، یوکرین میں معاشی، سیاسی اور سفارتی آپشنز پر توجہ مرکوز ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما نے جرمن چانسلرسے رابطہ کیا اور یوکرین کے بحران پربات چیت کی۔ امریکی صدر اوباما کا کہنا تھا کہ یوکرین میں روسی مداخلت غیرقانونی ہے۔ ایک امریکی اہلکار کے مطابق صدر اوباما برطانوی وزیراعظم اور پولینڈ کے صدرسے بھی بات کریں گے۔

بھارت کیخلاف اہم میچ میں پاکستان کوفتح سے ہمکنارکرنیوا لے آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے بیٹنگ میں پرفارم نہ کرنے پردباومیں تھے۔ بھارت کیخلاف اہم میچ میں پرفارم کرکے بہت خوش ہیں۔شاہد آفریدی نے بھارت کیخلاف میچ کے آخری اوورمیں دوبلند وبالا چھکے لگا کرقومی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا۔انھوں نے کہا کہ ٹیم کوان سے بڑی امیدیں تھیں اورانہیں خوشی ہے کہ انہوں نے بھارت کیخلاف اہم میچ میں پرفارم کیا۔