امریکی سفیر کی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات، نیٹو سپلائی بحال کرنے پر بات چیت
پاک بھارت تجارتی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ
ترک وزیراعظم اتوار کو پاکستان پہنچیں گے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کا امکان
میمو کمیشن کا اجلاس کل ہوگا، حسین حقانی کا بائیکاٹ کا فیصلہ
عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کو غیرتسلی بخش قرار دیدیا
امریکہ کی ایران پر حملے کی دھمکی
اور
اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم کی کل ملائیشیا روانگی
خبروں کی تفصیل:۔
امریکی قائم مقام سفیر رچرڈ ہوگلینڈ نے سیکر ٹری خارجہ جلیل عباس سے ملاقات کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان نیٹو سپلائی کی بحالی کے نئے مجوزہ معاہدے پر مشاورت کی گئی۔ترجما ن کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کھولنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں ،مذاکرات امریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین کے دورے کے بعدشروع ہوئے تھے۔
پاکستان اور بھارت نے مشترکہ تجارتی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے ممکنہ حملوں کے بارے میںانٹیلی جنس اداروں کی وارننگ کے بعد واہگلہ بارڈر کے دونوں اطراف سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے خبردار کیا ہے کہ دہشتگرد گروپ پاک بھارت تجارتی چیک پوسٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، اس انتباہ کے بعد پاکستان اور بھارت نے واہگہ بارڈر کے دونوں اطراف سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بھارت کے ساتھ سرحد پر رینجرز کے اضافی دستے تعینات کر دیئے ہیں جبکہ بھارت کے بی ایس ایف کی اضافی بٹالین بھی سرحد پر تعینات کر دی گئی ہے۔
ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان اتوار کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ اس حوالے سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا ایک مشترکہ اجلاس پیر کے روز بلائے جانے کا امکان ہے، اس خصوصی اجلاس سے ترکی کے وزیراعظم خطاب کرینگے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کے لئے سمری کی تیاری کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس سے چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف اپنے اپنے خطابات میں مہمان وزیراعظم کا پاکستان کا دورہ کرنے اور پارلیمنٹ سے خطاب کرنے پر شکریہ ادا کرینگے۔
میمو کمیشن کا اجلاس کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگا۔کمیشن کے اجلاس کی صدارت چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کریں گے۔ کمیشن کی جانب سے فریقین کوپیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ تاہم حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے کہا ہے کہ وہ بائیکاٹ جاری رکھیں گے اور حتمی دلائل کے بعد شہادت ریکارڈ کرنے کے غیر آئینی اقدام کے بعد اب کمیشن کی کسی کارروائی کاحصہ نہیں بنیں گے۔کل ہونے والے اجلاس میں لندن سے سیکریٹری میمو کمیشن منصور اعجاز کے فراہم کردہ الیکٹرونک شواہد کی فرانزک رپورٹ پیش کریں گے۔
عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری گزشتہ ماہ ہونیوالی انسداد پولیو مہم کی رپورٹ جاری کر دی گئی جس میں ملک کے 85 اضلاع میں پولیو مہم کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ اور فاٹا میں 64 فیصد بچے پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پینے سے محروم رہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں14 فیصد اور لاہور میں 11 فیصد بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہے۔
امریکہ نے ایران پر حملے کی دھمکی دیدی۔ یہ دھمکی اسرائیل کے لئے امریکی سفیر نے اس موقع پر دی ہے جب ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری تنازعے پر بات چیت کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔اسرائیل کے لئے امریکی سفیر نے حملے کی واضح دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے تعاون سے انکار جاری رکھا تو اس کا نتیجہ امریکہ یا اسرائیل کی جانب سے فوجی طاقت کے استعمال کی صورت میں نکلے گا۔امریکی سفیر نے کہا کہ ہم اس مسئلے کو سفارتی طریقے یا دباﺅ کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ فوجی طاقت کا آپشن موجود نہیں، وہ نہ صرف موجود ہے بلکہ اس پر تیاری بھی مکمل کرلی گئی ہے، اس حوالے سے ضروری منصوبہ بندی مکمل کی جاچکی ہے۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم کل لاہور سے ملائیشیا کیلئے روانہ ہوگی۔قومی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کا لاہور میں لگایا جانے والا تربیتی کیمپ کل اختتام پذیر ہوجائے گا۔ خواجہ جنید کے مطابق ٹیم کل صبح صرف ایک سیشن میں پریکٹس کرے گی، جس کے بعد ٹیم دس بجے شب پاکستان سے ملائیشیا روانہ ہوگی۔خواجہ جنید نے کہاکہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں کانٹے دار میچز دیکھنے کو ملیں گے۔