مولانا فضل الرحمن مسلم لیگ ن سے تعلقات بہتر بنانے کیلئے سرگرم
وفاقی حکومت کی بدترین کرپشن پر ہر شخص پریشان ہے، وزیراعلیٰ پنجاب
نئے چیئرمین اوگرا کی تقرری پر سپریم کورٹ نے جواب طلب کرلیا
این ایل سی اسکینڈل، پاک فوج اور نیب مشترکہ تحقیقات کرانے پر متفق
امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث سرمایہ کاری کم ہوگئی، وفاقی وزیر خزانہ
اور
فرانس میں 65 ویں کینز فلمی میلے کا آغاز
خبروں کی تفصیل:۔
مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے درمیان کشیدگی کے بعد دونوں جماعتو ں کے اعلی سطحی رابطے شروع ہو گئے۔اس سلسلے میں جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار اور سردار مہتاب عباسی سے ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق فضل الرحمان نے چوہدری نثار علی خان کی طرف سے جے یو آئی کے بارے میں سخت بیانات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ملاقات کے بعد اسحاق ڈار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان شکایات کا تبادلہ ہوا ہے اور یہ اپوزیشن کی آپس کی تلخیوں کا وقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اپوزیشن کے دیگر جماعتوں سے رابطے موثر نہیں۔ اپوزیشن کو قومی معاملات پر متفقہ پالیسی بنانی چاہیے۔نیٹو سپلائی پر فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس کی بحالی پر ابہام موجود ہے۔ اپوزیشن نے متفقہ حکمت عملی نہ اپنائی تو اس سے حکومت کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی بد ترین کرپشن پر ہر شخص پریشان ہے ماضی میں جنوبی پنجاب کی ترقی کے صرف دعوے کئے گئے عملی طور پر وسائل کو لوٹا گیا۔ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور ارکان اسمبلی سے ملاقات میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق دور کا کرپٹ مافیا اب پھر حکومت میں شامل ہو کر کرپشن میں ہاتھ رنگ رہا ہے۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن عوام کے ساتھ مل کر چوروں اور لٹیروں کا محاسبہ کرے گی۔
چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کی تقرری پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے وزارت پٹرولیم اور کابینہ ڈویژن سے 14 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔سپریم کورٹ کے ہیومن رائٹس سیل نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے حکم پر متعلقہ اداروں سے چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کی تقرری پر جواب طلب کیا ہے۔کابینہ ڈویژن اور وزارت پٹرولیم کی جانب سے جواب موصول ہونے پر عدالت چیئرمین اوگرا کی تقرری پر مزید کاروائی کا فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ وزیراعظم نے سعید احمد کو 14 اپریل کو چیئرمین اوگرا تعینات کیا تھا۔اس سے قبل جعلی ڈگری اور کرپشن کی بناءسپریم کورٹ نے سابق چئیرمین اوگرا توقیر صادق کو فارغ کر دیا تھا۔
پاک فوج اور نیب نے این ایل سی اسکینڈل کی مشترکہ تحقیقات کرانے پر اتفاق کیا ہے۔چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ جس میں این ایل سی اسکینڈل کی تحقیقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں معاملے کی مشترکہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ چار ارب روپے سے زائد این ایل سی اسکینڈل میں آرمی کے تین اعلی افسران بھی شامل ہیں جن میں سے دو ریٹائرڈ ہو چکے ہیں جبکہ ایک افسر ابھی بھی خاضر سروس ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اعتراف کیا ہے کہ ملک میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث سرمایہ کاری میں کمی ہوئی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفننگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے اچھا بجٹ پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں بجٹ کا ورکنگ پیپر پیش کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 25 فیصد اضافہ ہوا جو تاریخی ریکارڈ ہے۔
فرانس میں 65ویں کینز فلمی میلے کا آغاز ہوگیا۔رواں برس کے کینز میلے کےلئے دنیا بھر سے 43فلموں میں سے 22کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ 10مختصردورانئے کی فلموں اور10 سپیشل سکریننگ کےلئے فلموں کا انتخاب اس کے علاوہ ہے۔ میلے میں نمائش کےلئے پاکستان کی ایک اور بھارت کی 4فلمیں غیرملکی زبان کی فلموں کی کیٹگری میں شامل کی گئی ہیں۔ میلے کا اختتام 27مئی کو ہوگا۔ اس دن بہترین فلم کو میلے کا اعلیٰ ایوارڈ دیا جائے گا۔