PPI News Bulletin 2100 پی پی آ ئی نیوز بلیٹن

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں وہ لوگ معصوم ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم پارلیمنٹ کی طاقت کو تسلیم نہیں کرتے، منتخب عوام کے نمائندوں کو آپ تسلیم نہیں کریں گے تو 18 کروڑ عوام ان کو کیسے تسلیم کرے گی۔ ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ کے شہید ہونے کے بعد ہمارا حق نہیں بنتا تھا کہ ہم پارٹی کو چھوڑ کر چلے جاتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دھاندلی کا شور صرف وہ لوگ مچا رہے ہیں جو انقلاب کی باتیں کرنے والی پارٹی میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی زندگی میں پہلا پارٹی ٹکٹ علی موسیٰ گیلانی کو دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین اضلاع پر مشتمل سرائیکی صوبہ بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیںلیکن ہم انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنائے جانے کو مسترد کرتے ہیں۔

وزیراعظم کی ملتان آمد کے موقع پر کئی گھنٹوں قبل ہی تمام کاروباری مراکز بند کرادئیے گئے جس کے باعث چند گھنٹوں کے لیے معمولات زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔ وزیراعظم کا ضلع ملتان اس وقت مشکلات کا شکار ہوگیا جب ان کی آمد کے باعث رستے میں آنے والے تمام بازار کئی گھنٹوں قبل ہی بند کرادئیے گئے۔ دوسری جانب ٹریفک جام کے باعث کئی ایمبولینس بھی بروقت ہسپتال نہ پہنچ سکیں۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے شہر ملتان کے عوام نے اس روئیے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔

تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ باباحیدر زمان نے کہا ہے کہ نئے صوبے نہ بنے تو پاکستان کی بقاءخطرے میں پڑ جائے گی۔ کراچی میں مزار قائد سے متصل باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو عوام کے حقوق دینے ہوں گے، تحریک ہزار رجسٹرڈ پارٹی ہے اور ہم انتخابات بھی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہم پر وہ احسان کیا ہے جو ہمارے اپنوں نے نہیں کیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہم سے ووٹ مانگنے والے پہلے صوبہ ہزار کا قیام مکمل کریں پھر ہم سے ووٹ مانگیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے بیان سے لگتاہے انہیں پاکستان عزیز نہیں۔

بھارتی آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کے پاس اسلحے کا ذخیرہ نہایت کم رہ گیا ہے اور یہ صورتحال خطرناک ہے۔ بھارتی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ بھار تی افواج کے پاس موجودہ ذخیرہ اتنا کم ہے کہ وہ جنگ کی صورت میں صرف دو دنوں میں ختم ہوجائیگا اور فضائیہ کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامناہے ۔

وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں پہلی بار شرح نمو چار فیصد ہوگئی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود معاشی ترقی کی شرح چار فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں اگلے بجٹ میں تین سو ار ب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، نیشنل فنانس کمیشن کے ذریعے صوبوں کو آٹھ سے نو سو ارب روپے ملیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی علاقہ جات، فاٹا اور بلوچستان میں خصوصی پیکجز کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے ، برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیوواٹمور کو باضابطہ طور پر قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کر دیاہے جبکہ فیلڈنگ کوچ کی ذمے داری جولین فاونٹین کو سونپ دی ہے ۔ چیئرمن پی سی بی ذکا اشرف کے مطابق ڈیوواٹمور کے ساتھ دوسال کا معاہدہ ہوا ہے جس کے مطابق وہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ فیلڈنگ کوچ جولین فاونٹیں کو مقرر کیا گیا ہے۔ ڈیوواٹمور کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں بہت اچھے کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور وہ پاکستانی ٹیم کی بہتری کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوںنے قومی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *