PPI NEWS Bulletin 2100 پی پی آئی نیوز بلیٹں

ہیڈ لائنز:۔

کو ئٹہ دھما کے میں جاں بحق افراد کی تعداد4ہوگئی
نیٹو سپلائی کی بندش سے دوسرے ممالک سے تعلقات پر اثر پڑ سکتا ہے،وزیر خارجہ
نیٹو سپلائی کی بحالی، کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس کل ہوگا
صدر زرداری کی عوام کوغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی ہدایت
غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے
اور
اسکواش پلیئرز عامر اطلس اور یاسر بٹ پر عائد پابندی اٹھالی گئی

خبروں کی تفصیل:۔

کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر بم دھماکے میں دو ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 28زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق عالمو چوک پر ایک گاڑی میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا جیسے ہی ایف سی کا قافلہ قریب سے گزرا تو زوردار دھماکا ہوگیاجس سے دو ایف سی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 35زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایف سی اہلکاروں سمیت خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیاگیا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں، دوکانوں، دونجی بینکوں اور دو ایف سی کی گاڑیوں سمیت کئی گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 35سے 40کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کو صر پاک امریکا تعلقات کے تناظر میں نہیں دیکھا جائے۔ نیٹو سپلائی کی بندش سے دوسرے ممالک سے تعلقات پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کہا کہنا تھا کہ نیٹوسپلائی روکنے کا مقصد سلالہ چیک پوسٹ حملے کےخلاف احتجاج ریکارڈ کراناتھا،جو ہوچکا اب آگے بڑھناچاہیے۔ان کاکہناتھاکہ نیٹو سپلائی صرف پاک امریکا معاملہ نہیں، برطانیہ اورترکی بھی نیٹو رکن ہیں۔ ان کا خیال رکھنا ہوگا۔انہوں نے مز ید کہا کہ پاکستان نیٹو سپلا ئی کی بحالی کے معاملے پر اخراجا ت عا ئد کر نے کے معاملے پر غو رکر رہا ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں نیٹو سپلائی کی بحالی ، پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مشروط طور پر نیٹو سپلائی کھولے جانے کا امکان ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراءسمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

ایوان صدرمیں توانائی بحران سے متعلق جائزہ اجلاس میں صدرآ صف علی زرداری نے روزانہ کی بنیاد پرمتعلقہ اداروں کورپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں. صدر کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے تک اجلاس بلاتے رہیں گے۔ایوان صدرمیں ہونیوالے اجلاس میں وفا قی وزیر پانی وبجلی ،وفا قی وزیر خزانہ،وزیر پیٹرولیم اورسیکرٹری خزانہ نے شرکت کی۔صدرمملکت نے متعلقہ اداروں کو کوآرڈی نیشن بہتربنا کرعوام کوغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کوغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث سخت مشکلات کاسامنا ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ متعلقہ وفاقی وزراءروزانہ کی بنیاد پرلوڈشیڈنگ اوراقدامات سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے باخبررکھیں۔

بجلی کا شارٹ فال ساڑھے چار ہزار میگاواٹ پر برقرا ر ہے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے ۔ کہیں بیس تو کہیں چودہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جس سے شہری اور تاجر پریشان ہیں۔لاہور میں ہرگھنٹے بعد ایک گھنٹے اور بعض علاقوں میں ہر گھنٹے بعد دو گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔ فیسکو ریجن کے شہروں میں بارہ اور دیہات میں چودہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔ شہروں میں لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق ہورہی ہے تاہم دیہاتوں کا کوئی شیڈول نہیں ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں میں چودہ اور دیہات میں اٹھارہ گھنٹے بجلی بند رہتی ہے ، ملتان کے اکثر علاقوں میں چھ چھ گھنٹوں کے لیے کئی فیڈرز اکٹھے بند کردئیے جاتے ہیں جبکہ دیہات میں مسلسل دس گھنٹے بجلی نہیں آتی۔ رحیم یار خان اور گردونواح میں بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے ، سکھر، جیکب آباد اور حیدرآبادسمیت اندرون سندھ میں شیڈول کے برعکس دس سے بارہ اور دیہات میں چودہ گھنٹے بجلی نہیں آتی۔

اسکواش پلیئرز عامر اطلس اور یاسر بٹ پر عائد پابندی اٹھالی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے عامر اطلس اور یاسر بٹ پر سے پابندی اٹھانے کی سفارش کی تھی۔ جس کے بعد پی ایس ایف کے صدر نے دونوں کھلاڑیوں پر سے پابندی اٹھا نے کی منظوری دیدی ہے، دونوں کھلاڑیوں پر 28 ستمبر 2011کو پابندی لگائی گئی تھی. عامر اطلس خان کا کہنا ہے کہ پابندی کے باعث ان کی انٹرنیشنل رینکنگ متاثر ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *