PPI NEWS Bulletin 2000

ہیڈلائنز:۔

نیب کا ارسلان افتخار کیس لینے سے انکار
ملک ریاض کو وی وی آئی پی سیکیورٹی،سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد سے جواب طلب کرلیا
پاکستان نے ایک بار پھر سلالہ حملے پر امریکہ سے معذرت کرنیکا مطالبہ کردیا
مصر میں صدارتی انتخابات کے دوسرے راﺅنڈ کے بائیکاٹ کیلئے مہم شروع
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باقی دو ون ڈے میچز کیلئے ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ
اور
ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

خبروں کی تفصیل:۔

نیب نے ارسلان افتخار کیس کی تحقیقات کرنے سے انکار کردیا۔یہ انکار چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے کیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ ارسلان افتخار کیس دو لوگوں کا انفرادی معاملہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس تنازعے میں قومی خزانے کا کوئی معاملہ نہیں، اور نہ ہی اس سے ریاست کو نقصان پہنچا ہے، اس لئے یہ نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

ملک ریاض کو وی آئی پی سیکیورٹی دینے پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے عدالت میں پیشی کے دوران ملک ریاض کو وی آئی پی سیکیورٹی دینے کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے جواب طلب کرلیا ہے، جبکہ پروٹوکول کی وڈیو فوٹیج بھی طلب کرلی گئی ہے۔ رجسٹرار نے خط کے ذریعے آئی جی سے جواب طلب کیا ہے۔

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ امریکہ کو سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو حملے کے واقعہ پر پاکستان سے معافی مانگنا ہوگی۔کابل میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو کی بلا اشتعال فائرنگ اور حملے سے پاک فوج کے 24 جوان شہید ہو گئے تھے۔ پاکستان شروع دن سے نیٹو کے اس اقدام کی مذمت کرتا آیا ہے۔ امریکہ کو اس واقعہ پر پاکستان سے معافی مانگنا ہو گی۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ سے غیر مشروط معافی کا مطالبے کا مقصد مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کےلئے ہے۔

مصر میں صدارتی انتخابات سے چند روز پہلے بائیکاٹ کے لئے آن لائن مہم شروع کر دی گئی ہے۔انتخابات کے مخالفین نے سوشل رابطے کی انٹرنیٹ سائیٹ فیس بک پر ایک پیغام شائع کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ فوجی حکومت کے تحت انتخابات منظور نہیں۔اس لئے اس کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔پیغام میں لوگوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے سولہ اور سترہ جون کو ووٹنگ ہو گی جس میں سابق صدر حسنی مبارک دور کے وزیراعظم احمد شفیق کا سامنا اخوان المسلمین کے محمد مرسی سے ہو گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے باقی 2 میچز میں بارش ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرکٹ سری لنکا کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے تاہم بارش ہونے کی صورت میں باقی 2 میچز کیلئے اضافی دن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سری لنکن بورڈ کے مطابق چوتھا ون ڈے ہفتے کو بارش کے باعث نہ ہوسکا تو اتوار کو کھیلا جائے گا، جبکہ آخری ون ڈے پیر کو کھیلا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، ڈیرہ اسمعیل خان، کوہاٹ، سبی، ژوب، حیدرآباد، میرپور خاص ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گردآلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔آج ملک کے چند شہروں مےں زےادہ سے زےادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔اسلام آباد41اور 21 ،لاہور43اور22، کراچی37اور24، پشاور42اور20، کوئٹہ35اور11، مظفرآباد41اور19، ساہیوال40اور23، سرگودھا42اور24 ، بہاولنگر41اور20، فیصل آباد43اور22جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میںزیادہ سے زیادہ39اورکم سے کم24ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *