وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عوام سرائیکی صوبے کے خلاف سازش کرنے والوں سے بچ کر رہیں، تین اضلاع پر مشتمل صوبہ بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ملتان میںمقامی ایم پی اے کی رہائش گاہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ میاں نواز شریف کے اس بیان کو مسترد کرتے ہیں جس میں انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کا کہا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ان کے بیٹوں اور بھائی کو بھی ٹکٹ نہ ملتا تو بھی وہ پیپلز پارٹی میں ہی رہتے، وہ سیاست تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن پارٹی نہیں۔ انہوں نے کہا جو لوگ کہتے تھے ہم انقلاب لائیں گے وہ دیکھیں ضمنی انتخابات میں 93 ہزار ووٹ لے کر ہم انقلاب لے آئیں ہیں۔
تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ باباحیدر زمان نے کہا ہے کہ نئے صوبے بننے میں ہی پاکستان کی بقاءہے اگر محروم طبقے کو حقوق نہ ملے تو ملکی بقاءمشکل ہوجائیگی۔ کراچی میں مزار قائد سے متصل باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو عوامی خواہشات کے مطابق حقوق دینے ہوں گے، تحریک ہزار رجسٹرڈ پارٹی ہے اور ہم انتخابات بھی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہم پر وہ احسان کیا ہے جو ہمارے اپنوں نے نہیں کیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ صوبہ ہزارہ کی زبانی حمایت قبول نہیں، ہم سے ووٹ مانگنے والے پہلے صوبہ ہزار کا قیام مکمل کریں پھر ہم سے ووٹ مانگیں۔
مسلم لیگ ق کے نومنتخب سینیٹر کامل علی آغا نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں انہیں 11ووٹ مسلم لیگ ن کے ارکان نے دیئے، شجاعت حسین نے بھی پیپلز پارٹی سے 10 ووٹ لے کر دیئے جنہوں نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی انہوں نے پیپلز پارٹی کے 12 ووٹ خرید کر محسن لغاری کو دیئے۔ بلوچستان میں مسلم لیگ ن کا صرف ایک ووٹ ہے لیکن وہاں ٹکٹ 2 لوگوں کو دیئے، یہ ہارس ٹریڈنگ کی مثال ہے۔ کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اسلم گل سے زیادتی ہوئی وہ انصاف کے لیے سپریم کورٹ جائیں تو انہیں انصاف مل سکتا ہے۔
صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا ہے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی تاریخی کامیابی جمہوریت مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے۔گڑھی خدا بخش میں نو منتخب سینیٹرز سعید غنی، عاجز دھامرا، سحر کامران اور ہری رام کے ہمراہ ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو و دیگر کے مزارات پرحاضری کے بعدصحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی اور پڑھے لکھے اراکین اسمبلی نے سوچ سمجھ کر ووٹ کاسٹ کیے ہیں۔ انہوں نے کہا اتحادیوں سے مفاہمت جاری ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمن مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال سے مطمئن ہیں ،پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے آئی سی سی کو جلد خط لکھیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل قذافی اسٹیڈیم لا ہو رمیں سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کرکٹرز نے پاکستانی کھلاڑیوں سے بہت کرکٹ سیکھی ، ہم امید کرتے ہیں یہاں بین الاقوامی کرکٹ جلد بحال ہوگی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف نے بنگلہ دیشی کر کٹ ٹیم کی سیکیو رٹی کیلئے حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی پنجاب،بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔آئندہ چند روز کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ ۔آج ملک کے چند شہروں مےں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کچھ اسطر ح رہا ۔اسلام آباد26اور08 ،لاہور29اور12،کر اچی31اور22، پشاور26اور11،کوئٹہ 24اور9،مظفرآباد26اور09، لاڑکانہ31اور14حیدرآباد26اور18، سکھر31اور17،ساہیوال28اور11،سرگودھا29اور14 ، بہاولنگر30اور15، فیصل آباد28اور12جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میںزیادہ سے زیادہ27 اورکم سے کم11ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔
