وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے وزات خارجہ کا قلمدان واپس لینے پر پیپلز پارٹی چھوڑی دی۔ ملتان میں ایم پی اے اختر ملک کی رہائش گاہ پر ظہرانے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ کا قلمدان واپس لیے جانے پر ناراض ہوئے اور انہوں نے اسی وجہ سے پیپلز پارٹی چھوڑی ۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبہ عوام کا حق ہے، عوام ان عناصر سے بچیں جو سرائیکی صوبے کے قیام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موسیٰ گیلانی کی ضمنی انتخابات میں کامیابی پر ن لیگ نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا اور خو د شہباز شریف نے مجھے فون کرکے مبارک باد دی ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینٹ انتخاب میں پنجاب میں ہارنے والے پارٹی رہنما اسلم گل کو ٹیلیفون کیا ہے اور انھیں یقین دلایا ہے کہ غداری کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف تحقیقات کے بعد کارروائی ضرور کی جائیگی۔ پنجاب میں سینٹ کے انتخاب میں اسلم گل پارٹی کے چھ ارکان اسمبلی کے سیکرٹ بیلٹنگ میں ووٹ نہ دینے پر شکست سے دوچار ہو گئے تھے جس کا پارٹی قیادت نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔ صدر نے اسلم گل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ان کی شکست کا انتہائی افسوس ہے وہ پارٹی کے عظیم کارکن ہیں اور جن لوگوں نے پارٹی پالیسی سے انحراف کیا ہے ان کےخلاف کارروائی پارٹی کا حق ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ زائد المیعاد لائسنس کی بنیاد پر اسلحہ رکھنے والے سفارتکاروں کے خلاف بھی کارروائی کیاجائیگی ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلحہ لائسنس ختم ہونے پر سفارتکار بھی لائسنس کی تجدید کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی کاررروائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میںلاپتہ افراد سے متعلق غیر ملکی میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے وہاں حالات اتنے خراب نہیں جتنے پیش کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں صرف 48افراد لاپتہ ہیں جو ممکن ہے ملک سے باہر ملازمت کررہے ہوں، ناراض بلوچ رہنماءوطن واپس آجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
جمعیت علماءاسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل ختم ہونے کے بعد خیبر پختونخوا میں خون کی ندیاں بہادی گئیں۔ سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب تک متحدہ مجلس عمل قائم تھی خیبر پختونخوا میں امن تھا لیکن ایم ایم اے ختم ہونے کے بعد یہاں خونی سیاست کی جارہی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ باچاخان کا عدم تشدد کا فلسفہ خود ان کے پیروکاروں نے قدموں تلے روند دیا ہے لیکن اب ہم سوات کے عوام کو امن کی مبارکباد دیتے ہیں۔ جمعیت علماءاسلام کے سربراہ نے مزید کہا کہ قوم غیر تمند ہے اور برطانیہ کی طرح امریکی غلامی سے بھی نجات حاصل کرلے گی۔
یمن کے جنوبی علاقے میں دو ملٹری چیک پوسٹوں پر خود کش حملے کے باعث 6 فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ جنوبی یمن کے شہر زنجبار میں حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے بھری دو گاڑیاں چیک پوسٹوں سے ٹکرادیں۔ حکام کے مطابق دھماکے میں کم از کم 6 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یمنی فوجیوں پر شہر میں مسلح افراد نے دو مختلف پوزیشنز سے حملہ کررکھا ہے اور کئی فوجیوں کو قیدی بنالیا ہے۔
