PPI NEWS Bulletin 2000پی پی آئی نیوزبلیٹن

ہیڈلائنز:۔

وفاقی حکومت نے نوجوانوں کیلئے سو ارب روپوں سے قرضہ اسکیم کا اعلان کردیا۔۔
لاپتہ افراد کیس، چھ افراد کی شناختی کارروائی کا عمل مکمل۔
نئی حلقہ بندیوں کے تحت بلدیاتی انتخابات شفاف نہیں ہوں گے، یوسف رضا گیلانی۔
وفاقی وزیر داخلہ کی امن وامان کے قیام کے لئے ریپڈ رسپانس فورس قائم کرنے کی ہدایت۔
کراچی میں عالمی کتب میلہ جاری۔
اور
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان۔

خبروں کی تفصیل:۔

وفاقی حکومت نے یوتھ لون اسکیم کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی چیئرپرسن مریم نواز نے اس نوجوانوں کیلئے چھ اسکیموں کے منصوبے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ن نے انتخابی وعدوں پر عمل شروع کردیا ہے اور اس سے نوجوانوں کو مستقبل سنوارنے کے مواقع ملیں گے۔انھوں نے کہا کہ ایک لاکھ نوجوانوں کو اس اسکیم کے تحت سو ارب روپوں کے قرضے دیئے جائیں گے، جبکہ طالبعلموں کیلئے ملک بھر میں لیپ ٹاپ پروگرام بھی شروع کیاجائے گا۔انھوں نے کہا کہ قرضے کے حصول کی شرائط بہت آسان ہے، قومی شناختی کارڈ، ایک کاروباری منصوبہ اور ضمانتی کی ضرورت ہوگی، جبکہ اس کے فارمز بینکوں سے مفت حاصل کئے جاسکیں گے اور انہیں جمع کرانے کی فیس سو روپے رکھی گئی ہے۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور بیسیوں حلقوں سے نتائج سامنے آ گئے ہیں اور مختلف علاقوں سے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کے دوران ٹرن آو¿ٹ تقریبا چالیس فیصد رہا۔ مستونگ میں نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو کامیابی ملی ہے۔ پشین اور لورالائی میں پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے امیدوارں کو اکثریت حاصل ہے۔ چمن، قلہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ کے بیشتر علاقوں میں جے یو آئی ف اور جے یو آئی نظریاتی کے امیدواروں کو اکثریت حاصل ہے۔ مسلم لیگ نون کے امیدواروں کو بھی کامیابی ملی ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ اللہ یار اور نصیر آباد میں نون لیگ کے امیداروں کو کامیابی ملی ہے۔

پیپلز پارٹی نے بلدیاتی حلقہ بندیوں پر اعتراض کر دیا۔ یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں الیکشن شفاف نہیں ہونگے۔ حکومت کو غیر مستحکم نہیں کرنا چاہتے لیکن اسے اپنی سمت درست کرنا ہو گی۔جنوبی پنجاب کے ورکرز اجلاس کے بعد ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہونے والے بلدیاتی الیکشن شفاف نہیں ہونگے۔ اس موقع پر مخدوم شہاب الدین کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی پالیسیاں ناقابل برداشت ہیں چھ ماہ قیادت کے حکم پر خاموش رہے اب میدان میں نکلیں گے۔ سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ حکومت نئے صوبوں کے قیام کی آواز کو بھی دبا رہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں امن وامان کے قیام کے لئے ریپڈ رسپانس فورس قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پرغورکیا گیا۔ اجلاس میں اعلی پولیس حکام نے امان وامان اور ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں وزیرداخلہ کو بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی میں امن و امان کے قیام کے لئے سخت مانیٹرنگ اور گشت شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس افسران کو باری باری رات کو فرائض کی انجام دہی پر معمور کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی راولپنڈی اور اسلام آباد کے لئے ریپڈ رسپانس فورس قائم کی جانی چاہئیے جو 10 منٹ میں شہر کے کسی بھی علاقے میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

کراچی میں عالمی کتب میلہ جاری ہے،جہاں ہر قسم کی کتابیں دستیاب ہیں، ایک چھت تلے شیکسپئر سے لے کر ٹالسٹائی تک، قدرت اللہ شہاب سے لے کر اشفاق احمد تک، سبھی میسر ہوں تو یہ موقع برا نہیں ہے۔ لیکن ان قیمتی کتابوں کا زیادہ تر وقت لوگوں کو تکتے ہی گزرجاتا ہے۔ کیونکہ جدت کی اس دنیا میں بک سے زیادہ اب فیس بک کے چرچے ہیں،کراچی ایکسپو سینٹر میں کتابوں کے ورق الٹتے یہ افراد یقینا علم کے شیدائی ہیں، تبھی تو دو کروڑ میں سے چند سو ہی سہی لیکن لوگ عالمی کتب میلے کی گہما گہمی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ گوگل پاکستان کے سروے کے مطابق ستر فیصد پاکستانی کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں جبکہ محض اکیس فیصد کتب بینی کا شوق رکھتے ہیں۔ اکسٹھ فیصد افراد سوشل میڈیا پر نظر گاڑے رہتے ہیں جبکہ ہفتہ وار کتابوں کے ساتھ بتایا گیا وقت محض ڈیڑھ گھنٹہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے چند شہروں میںآج درجہ حرارت کچھ اسطرح رہا۔ اسلام آباد23 اور06، لاہور24 اور09 ، کراچی29 اور14، پشاور22 اور10، کوئٹہ20 اور00، مظفرآباد17 اور08، فیصل آباد25 اور08، ملتان26 اور 10جبکہ ڈیرہ اسمعیل خان میں زیادہ سے زیادہ 23 اور کم سے کم 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے گیے۔