حکومت نے چودہ لاپتہ افراد سپریم کورٹ میں پیش کردیئے۔
صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مکمل غیرجانبدار ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، امن و امان پر بریفننگ۔
مولانا شمس الرحمان معاویہ کے قتل کیخلاف اہلسنت و الجماعت کا ملک بھر میں احتجاج۔
پنجاب میں مزید بیس افراد میں ڈینگی کی تشخیص۔
اور
ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط۔
خبروں کی تفصیل:۔
حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر 14 لاپتہ افراد کو عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاپتہ افراد کو 2 گاڑیوں میں سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا جب کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر لاپتہ افراد کی شناخت چھپانے کےلئے ان کے چہروں کو کپڑوں سے چھپایا گیا تھا۔ آج ہونے والی سماعت ان کیمرہ ہوگی جس کے باعث میڈیا کو کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سماعت کے دوران تمام لاپتہ افراد کو عدالت کے کمرہ نمبر 6 میں ایک ایک کرکے جسٹس امیر ہانی مسلم کے سامنے پیش کیا جائے گا جس کے بعد ان کی ورثا کی موجودگی میں ان کی شناخت کی جائے گی۔ قبل ازیں وزارت دفاع کے حکام نے لاپتہ افراد کو لانے والی گاڑی کو عدالت کے اندر لانے کی استدعا کی جس پر عدالت نے گاڑی کو اندر لانے کی اجازت دی۔ ایڈیشنل سیکریٹری دفاع کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو ڈھونڈ کر لایا گیا ہے یہ تمام افراد آزادانہ زندگی گزار رہے تھے۔
بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب زیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مکمل غیرجانبدار ہے، جبکہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کافی بہتر رہی ہے۔قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصرالملک نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی جس میں صوبے میں انتخابات کے حوالے سے جاری پولنگ عمل کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ کے عرصہ کے دوران بلدیاتی انتخابات کراکر ثابت کردیا کہ ہم جمہوریت پر پورا یقین رکھتے ہیں، پورا صوبہ عذاب میں ہے لیکن ہم پھر بھی بلدیاتی انتخابات کرارہے ہیں، جبکہ دوسرے صوبے پرامن ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہیں کراپائے۔
وزیراعظم نوازشریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی اور امن و امان پر بریفنگ دی۔ ملاقات وزیراعظم ہاو¿س اسلام آباد میں ہوئی۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم کو کراچی کی صورت حال سے آگاہ کیا۔چوھدری نثار علی خان نے اہلسنت والجماعت کے صوبائی امیر مولانا شمس الرحمان معاویہ کے قتل کے بعد کی صورت حال پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ مولانا شمس الرحمان کو گزشتہ روز لاہور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر مولانا شمس الرحمان معاویہ کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے، مشتعل مظاہرین نے راولپنڈی فیض آباد انٹرچینج کو چاروں اطراف سے بند کردیا جس کے باعث راولپنڈی سے اسلام آباد اور شہر کے دیگر علاقوں کی طرف جانے والی گاڑیاں پھنس گئیں اور لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے مری روڈ اور کشمیر ہائی وے کو بھی بلاک کیا ہوا ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک حملے کے زمہ داروں کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔دوسری جانب مولانا شمس الرحمان کے قتل کے خلاف گوجرانوالہ میں ریلی نکالی گئی جس سے جی ٹی روڈپرٹریفک بلاک ہوگئی۔ شیخوپورہ میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بیس افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے،رواں برس متاثرہ افراد کی تعداد دوہزار پانچ سو تینتیس تک جا پہنچی ہے۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بیس افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں لاہور سے اٹھارہ،خانیوال اور راولپنڈی سے ایک ایک مریض شامل ہیں۔
ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی،میزبان آسٹریلوی ٹیم نے 398 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کر دی۔ایڈیلیڈ میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم نے پینتیس رنز ایک کھلاڑی آو¿ٹ پر تیسرے دن کا کھیل شروع کیا۔مہمان ٹیم کو آغاز ہی میں کینگروز کی جانب سے طوفانی بولنگ کا سامنا کرنا پڑا، تین کھلاڑیوں کے سوا کوئی بھی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔آئین بیل 72 رنز پر ناٹ آو¿ٹ رہے جبکہ مائیکل کاربیری نے 60 رنز کا اضافہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جونسن نے چالیس رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں،میزبان ٹیم نے نو کھلاڑی آو¿ٹ پر 570 رنز کے ساتھ پہلی اننگز ڈیکلئیر کر دی تھی۔