کراچی میں سعودی قونصلیٹ نے سندھ حکومت سے سکیورٹی طلب کرلی جس پرسندھ حکومت نے سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ کراچی میں سعودی قونصل جنرل نے وزارت داخلہ سندھ کو خط لکھ کر قونصل خانے کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا اور سکیورٹی سخت کرنے کی درخواست کی ۔ نوٹس لیتے ہوئے وزیرداخلہ سندھ منظور وسان نے سعودی سفارتی عملے اور قونصل خانے کو فول پروف سیکیورٹی فوری فراہم کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر سوئس عدالتوں کو خط لکھنا ہوتا تو بہت پہلے لکھ دیتا، صدر کے استثنیٰ پر کسی کو بھی اعتراض نہیں ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں صدور اور وزرائے اعظم کو استثنیٰ حاصل ہے اور یہی قانون یہاں پر بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے استثنیٰ کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی کیوں کہ پارلیمنٹ نے ہی استثنیٰ دیا ہے اور وہ ہی اسے ختم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرمیں چیف جسٹس ہوتا تو صدر کے استثنیٰ کا معاملہ پارلیمنٹ پر چھوڑ دیتا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر سوئس عدالتوں کو خط لکھنا ہوتا تو بہت پہلے لکھ چکا ہوتا، صدر کے استثنیٰ پر کسی اتحادی کو اعتراض نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سوئس عدالتوں کو خط نہ لکھ کر دراصل صدر کا سوئس بینکوں کا پیسہ بچار ہے ہیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کبھی بھی سوئس عدالتوں کو خط نہیں لکھیں گے یہ حقیقت اب تسلیم کرنی چاہیے کیوںکہ وہ کرپشن کو تحفظ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حاجیوں کوبھی نہیں چھوڑا ، حکومت عوام کے بجائے چوروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مہران بینک اسکینڈل کے معاملے پر بھی زرداری اور نوا ز شریف مک مکا کی کوشش کریں گے چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ مک مکا نہ ہونے دیں۔
سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کل ہوگا۔ تاہم انتخاب سے قبل کل نومنتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے ۔ سینیٹ کے پچاس ارکان آج رات گیارہ بجے کے بعد ریٹائر ڈ ہوجائیں گے جبکہ 54نئے ارکان کل حلف اٹھائیں گے جن میں اقلیتوں کی چار مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں جن کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چئیر مین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے اتحادی جماعتوں اور حکومت کے درمیان ناموں پر پہلے ہی اتفاق ہوچکا ہے۔
سندھ حکومت نے سکھر جیل میں قیدیوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دیدی ہے۔ یہ وڈیو لنک سماجی رابطوں کی معروف سائٹ اسکائپ کے ذریعے قائم کیا جائے گا۔ ملاقات کے اس منفرد اور جدید طریقہ کار کا سہرا سکھر سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے سرجاتا ہے جن کی ان کاوشوں کے بعد قیدی جیل سے ہی اپنے اہل خانہ سے بات کرسکیں گے۔ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد طریقہ کار ہوگا جس میں قیدی وڈیو لنک سے اہل خانہ سے مل سکیں گے۔
معاشی بدحالی اور خانہ جنگی کے شکار افغانستان نے بھی ایک صدی بعد ریلوے ٹریک بچھانے کا کام شروع کردیا۔افغانستا ن کے بادشاہ عبدالرحمان نے ایک صدی قبل اپنے ملک کو غیرملکی حملہ آوروں سے بچانے کے لئے ریلوے ٹریک نہ بچھانے کا فیصلہ کیا تھاتاہم اس فیصلے سے افغانستان ترقی کے اعتبارسے ایک صدی پیچھے چلا گیا۔ لیکن اب ایک صدی بعد افغانستان میںریلوے ٹریک بچھانے کا کام شروع ہوگیا ہے۔ ریلوے نظام بحال ہونے کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی اشیاءکی نقل و حمل میں آسانی پیدا ہوجائیگی۔
