آ ئی جی سندھ کا لیاری آپریشن 48گھنٹوں کے لیے روکنے کرنے کا اعلان
اسپیکر کے علاوہ کوئی ادارہ مجھے نااہل قرار نہیں دے سکتا،وزیر اعظم
مسلم لیگ ن نے ہزارہ کو علیحدہ صوبہ بنانے کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میںقرارداد جمع کرادی
وزیراعظم، وزیراعلیٰ،اورگورنر دلچسپی لیں تو بلو چستان کے حالات ٹھیک ہوسکتے ہیں، چیف جسٹس
ملک بھر میں غیر اعلانیہ لو ڈشیڈنگ سے عوام پر یشا ن
اور
گجرات میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا دوستانہ میچ ہلڑ بازی کا شکار
Stock Exchange
خبروں کی تفصیل :۔
آ ئی جی سندھ مشتا ق شاہ نے لیاری میں جاری آپریشن 48گھنٹوں کے لیے روکنے کا اعلان کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پاس 48گھنٹے ہیں ،وہ ہتھیار ڈال دیں۔کر اچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آ ئی جی سندھ نے بتایا کہ وفا قی وزیرداخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ملزمان کوہتھیارڈالنے کی پیشکش کے باعث لیاری آپریشن 48گھنٹوں کے لیے روک دیا گیا ہے۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر پولیس کو نہیں تورینجرز کو گرفتاری دیں، انہیں ہتھیار ڈالنے کا پورا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہتھیار نہ ڈالنے کی صورت میں48گھنٹوں بعد رینجرز اور پولیس مشترکہ ٓاپریشن کرے گی۔
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ اسپیکر کے علاوہ کوئی ادارہ انہیں نااہل قرار نہیں دے سکتا، جمہوریت کی بقاءاسی میں ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔ اسلام آباد میںوزیراعلیٰ سندھ کی زیر قیادت پیپلز پارٹی سندھ کے وزراءکے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کے لیے تاریخی قرارداد منظور کرائی جاچکی ہے۔ انہوں نے سندھ اسمبلی سے اعتماد کی قرارداد منظور کرانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب کی قرارداد منظور ہونے کے بعد ن لیگ نے ہزارہ کو علیحدہ صوبہ بنانے کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میںقرارداد جمع کرادی ہے۔قرارداد ن لیگ کے رکن اسمبلی جاوید عباسی نے جمع کرائی جنہیں ن لیگ کے تمام ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل تھی۔ قراداد میں کہا گیا ہے کہ ہزارہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ہزار کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی ہوئی جس کے باعث وہاں کے عوام نے علیحدہ صوبے کے حصول کے لیے جدوجہد شروع کی ہے ۔ قرارداد پر بات کرتے ہوئے سینئر وزیر خیبر پختونخوا بشیر بلور نے کہا کہ پہلے ن لیگ آئین کے مطابق اسمبلی میں اکثریت لائے پھر قرارداد پیش کرے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لاچارگی کی حد ہے، اگر وزیراعظم، وزیراعلیٰ، گورنر اور سیکریٹری دفاع دلچسپی لیں تو صورتحال ٹھیک ہوسکتی ہے، جو کام انہیں کرنا تھا وہ ہم کررہے ہیں۔یہ ریمارکس چیف جسٹس نے بلوچستان میں امن و امان اور لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دئیے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ امن و امان کی صورتحال یہ ہے کہ ہماری موجودگی میں بھی جرائم ہورہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان کو تو صوبے کے معاملات سے دلچسپی نہیں، ہم گورنر سے بات کریں گے۔ ایک موقع پر چیف جسٹس نے ڈی آئی جی ایف سی کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ یہاں امن و امان کیلئے کام کررہے ہیں مگر لوگ تو اب بھی اغواءہورہے ہیں، اس پر ڈی آئی جی ایف سی نے جواب دیا کہ انہوں نے آئی جی ایف سی اور خفیہ اداروں کے متعلقہ سربراہوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے بات کی ہے لیکن ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ ہم اس پر کام کرسکیں۔ ان کی تجویز ہے کہ اس حوالے سے سول انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ٹیم بنائی جائے۔ اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی ایسے شخص سے بریفنگ نہیں لیں گے جس کا حکم نہ چلتا ہو۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ صوبے کے حوالے سے ہم کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، ہم آرڈر کریں گے اور اس پر عملدرآمد کرائیں گے۔
انرجی مینجمنٹ کمیٹی ملک بھر میں بجلی کی یکساں لوڈ شیڈنگ کا شیڈول تیار کرنے میں کام ہوگئی ہے جس کے باعث وزارت پانی و بجلی شیڈول کے بغیر لوشیڈنگ کررہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق دوصوبوں کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول طے نہ ہوسکااور نہ ہی اربوں روپے کے واجبات کی وصولی کے لیے حکمت عملی بنائی جاسکی اس وجہ سے لاہور سمیت کئی شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ ادھر کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 55ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے کوئی شیڈول نہیں دیااس کے باوجود کے ای ایس سی کو 723میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے ۔ انرجی مینجمنٹ کمیٹی کے مطابق اس وقت بجلی کا شارٹ فال 5ہزار 2سو میگاواٹ ہے۔
گجرات میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا دوستانہ میچ اس وقت ہلڑ بازی کا شکارہوگیا جب شائقین کرکٹ باونڈر لائن کے اندر آکر بیٹھ گئے۔ ذرائع کے مطابق گجرات کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی کرکٹرز کی ٹیموں میں دوستانہ میچ جاری تھا، شائقین کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے آئی تھی اور نشستیں بھرنے کے بعد ان میں سے بڑی تعداد باونڈری لائن کے اندر آکر بیٹھ گئی جس کے باعث کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے کئی بار لاٹھی چارج کرکے میدان خالی کرایا تاہم شائقین ایک جگہ سے اٹھ کر دوسری جگہ بیٹھ جاتے جس کے باعث کھیل متاثر ہوا اور ایک موقع پر کچھ سینئیرکھلاڑی گراونڈ سے باہر چلے گئے جس کے بعد میچ ختم کردیا گیا۔ میچ میں قومی کرکٹر زعبدالرزاق ،شعیب ملک ،کامران اکمل، عمر اکمل اور عمران نذیر سمیت دیگر شامل تھے۔
کراچی اسٹاک ایکس چینج میں آ ج بھی تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای0 10انڈکس192پوائنٹساضافے سے14ہزار612پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر24کروڑسے زائد شیئر ز ٹریڈ ہوئے۔ دوسری جانب اسلام آباد اسٹاک ایکسچےنج میں بھی مثبت رجحان دےکھا گےا ، اور آئی ایس ای 10انڈ یکس53پوائنٹس اضافے سے 2914 پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر آج1لاکھ سے 59ہزار سے زائد شیئرز ٹریڈ ہوئے۔