PPI NEWS Bulletin 1900پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

حکومت نے عوام پر بجلی کا بم گرانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب، وزیراعظم کل امریکہ روانہ ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری 25 برس کے ہوگئے، انتخابات میں حصہ لینے کے اہل قرار۔
بھارتی آبی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی۔
پاکستان کی ماریہ طور نے ناش اسکواش کپ جیت لیا۔
اور
معروف گلوکار طفیل نیازی کی 23 ویں برسی کے حوالے سے بلیٹن میں شامل ہے خصوصی رپورٹ۔

خبروں کی تفصیل:۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کے بعد عوام پر بجلی کا بم گرانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے اور گھریلو صارفین کے لئے اکتوبر سے بجلی 30 فیصد مہنگی کردی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 200 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے گھریلوصارفین پرنہیں ہوگا تاہم 200 سے زیادہ یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو اکتوبر کے مہینے سے 30 فیصد اضافی بل ادا کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت کیاجارہا ہے کیونکہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان طے پائے جانے والے معاہدے کے تحت بجلی پر سبسڈی مرحلہ وارختم کی جائےگی۔

وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے کل امریکہ روانہ ہوں گے، وزیراعظم عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کریںگے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف امریکہ جاتے ہوئے ایک رات لندن میں قیام کریں گے جبکہ 23 ستمبر کو نیو یارک پہنچیں گے، جہاں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم ایران کے صدر حسن روحانی اور دیگر عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔نواز شریف کا جنرل اسمبلی سے خطاب 27 ستمبر کو ہوگا، نواز شریف کا یہ خطاب پندرہ سال کے وقفہ کے بعد دوبارہ ہوگا۔ اس سے پہلے نواز شریف نے 1999 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا اور وطن واپسی پر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری 25 برس کے ہوگئے ہیں اس کے ساتھ ہی وہ ملک کے آئین کے تحت انتخابات میں حصہ لینے کے اہل بھی ہوچکے ہیں۔21 سمتبر 1988 کو پیدا ہونے والے بلاول بھٹو زرداری نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے دور حاضر کی تاریخ اور بین الاقوامی سیاست میں اپنی گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔سیاسی سرگرمیوں کی راہ میں حائل آئینی رکاوٹ ختم ہونے کے باوجود بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے فعال کردار ادا کرنے کے معاملے پر خاصے شکوک پائے جاتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری ہاشم شیخ کا کہنا ہے کہ وہ عملی سیاست میں حصہ لینے کے لیے بے تاب ہیں اور مستقبل میں وہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے قیادت اور کارکنوں کے درمیان پایا جانے والا خلا ختم کر دیں گے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت دیگر ممالک سے بجلی لینے کی منظوری ہو چکی ہے۔ منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ بھارت کو آبی جارحیت کی اجازت نہیں دیں گے اور پانی کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ نیسپاک میں کروڑوں روپے کی بدعنوانی کا نوٹس لے لیا ہے۔ قواعد کے برعکس ترقی اور اپنی حد سے زائد گاڑیاں استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہو گی۔ تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کر لی ہے۔

پاکستان کی ماریہ طور نے ناش اسکواش کپ میں کامیابی حاصل کرکے یہ اعزاز جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں کھیلے گئے اس ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی اسکوائش اسٹار کا مقابلہ ہالینڈ کی میلو وانڈر سے تھا، پہلے سیٹ میں میلو نے ماریہ طور کو سخت ٹائم دیا لیکن ماریہ نے آخر دم تک ہمت نہ ہاری اور سیٹ میں 11-13 سے کامیابی سمیٹی، دوسرے سیٹ میں ماریہ طور نے بھرپور کھیل پیش کیا اور ڈچ کھلاڑی کو با آسانی 3-11 سے زیر کیا۔ تیسرے سیٹ میں بھی ڈچ کھلاڑی نے ماریہ کو ٹف ٹائم دیا لیکن وہ ماریہ کو سیٹ جیتنے سے نہ روک سکیں اور ماریہ نے9-11سے فتح حاصل کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔