PPI NEWS Bulletin 1800 پی پی آئی نیو ز بلیٹن

ہیڈلائنز:۔

ن لیگ نے چار نئے صوبوں کی قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کرادی
پاکستان کا ڈرون حملوں پر کسی صورت سمجھوتا نہ کرنیکا اعلان
سندھ اسمبلی میں وزیراعظم پر اعتماد کی قرارداد منظور
نیپرا کا فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے چار ماہ کے بقایا جات لینے کا اعلان
ججزتقرری کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، لاہوراور بلوچستان ہائیکورٹ کے8ججوں کو مستقل کرنے کی منظوری
اور
پاکستان میں صحافت خطرناک ترین شعبہ قرار

خبروں کی تفصیل :۔

مسلم لیگ ن نے چار نئے صوبوں کے قیام کی قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کرادی۔ قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے یہ قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی ہے۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک میں بہاولپور، فاٹا، ہزارہ اور جنوبی پنجاب کے صوبے بنائے جائے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس حوالے سے آئین اور قانون کے مطابق طریقہ کار پر عمل کرے۔

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈرون حملوں پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کرے گا۔اسلام آ باد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خا رجہ معظم احمد خان نے کہا کہ ڈرون حملوں پر پاکستان کا موقف نہایت واضح ہے۔ امریکا کو پاکستان کی سرحدی حدود کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کی تشکیل نو پارلیمنٹ کی سفارشات کے مطابق ہوگی۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ شکاگو میں نیٹو کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکریک پر پاک بھارت مذاکرات 14سے 16 مئی کو نئی دہلی میں ہوں گے جبکہ انسداد دہشت گردی و منشیات پر پاک بھارت سیکرٹری داخلہ مزاکرات 24 اور 25 مئی کو اسلام آباد میں ہوں گے۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کو توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ سے سزا ملنے کے بعد کسی ملک نے ان سے ملاقاتوں کیلیے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔

سندھ اسمبلی میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر اظہار اعتماد کی قرارداد منظور کرلی گئی۔ وزیرقانون سندھ ایاز سومرو نے یہ قرارداد پیش کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کو کسی بھی غیر پارلیمانی طریقے سے نہیں ہٹایا جاسکتا۔ اس قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

نیپرا نے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی کے صارفین سے چار ماہ کے بقایا جات لینے کا اعلان کردیا۔ نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اکتوبر 2011ءسے جنوری 2012ءتک کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز صارفین سے لئے جائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اکتوبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے جون میں دو روپے بارہ پیسے فی یونٹ وصول کئے جائیں گے، اسی طرح نومبر کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ایک روپے سترہ پیسے اور دسمبر کے 88 پیسے فی یونٹ ہوں گے، جو جولائی کے بل میں لئے جائیں گے، جبکہ جنوری کے ایک روپے 87 پیسے کے چارجز اگست میں لئے جائیں گے۔

پارلیمنٹ کی پارلیمانی کمیٹی برائے ججزتقرری نے بلوچستان اور لاہور ہائیکورٹ سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی منظوری دےدی۔ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے دوران پارلیمانی کمیٹی نے لاہوراور بلوچستان ہائیکورٹ کے8ججوں کو مستقل کرنے کی منظوری دےدی، جبکہ لاہورہائیکورٹ کے 4ایڈیشنل ججز کو ایک سال کی توسیع بھی دی گئی۔

پاکستان میں صحافت خطرناک ترین شعبہ قرار دیدیا گیا۔صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اب تک پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے دوران بیاسی صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اس سال بھی صحافیوں کیلئے مہلک ترین ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا۔ دوہزار دس اور گیارہ کے دوران تئیس صحافیوں کو زندگی سے ہاتھ دھونا پڑے ،جبکہ بلوچستان میں دس سال کے دوران بائیس جبکہ دوہزار آٹھ سے اب تک سولہ صحافی عسکریت پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ، سندھ اور پنجاب میں بھی صحافیوں کو دھمکیوں ،اغوا اور قتل کے خطرات کا سامنا رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *