PPI NEWS Bulletin 1700 پی پی آئی نیو ز بلیٹں

ہیڈ لا ئنز:۔

وزیراعظم کے ریفرنس سے متعلق ابھی کوئی ذہن نہیں بنایا، اسپیکر قومی اسمبلی
بلوچستان امن و امان کیس، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے خفیہ اداروں کو کل تک کی مہلت
جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی قرارداد منظور ہونے پر صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی کی مبارکباد
وفاقی وزیر داخلہ کا سپریم کورٹ سے شریف برادران منی لانڈرنگ کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ
آئی جی سندھ کا کل تک لیاری کو کلئیر کرنے کا دعویٰ
سندھ میں ہفتے میں دو تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری
اور
صدر پی ایچ ایف جونئیر ایشیاءکپ میں قومی ٹیم کی فتح کیلئے پرامید

خبروں کی تفصیل :۔

قومی اسمبلی کی اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ریفرنس سے متعلق ابھی کوئی ذہن نہیں بنایا۔پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کوئی خفیہ دستاویز نہیں، ہر چیز آئین اور قانون کے مطابق ہوگی۔انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا مختصر فیصلہ ملا ہے،تاہم وزیراعظم کیخلاف ریفرنس نہیں ملا۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ انکا کردار شروع ہونے سے پہلے ہی تنقید شروع کردی گئی ہے۔

سپریم کورٹ میں بلوچستان میں امن و امان اور لاپتا افرادکے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے خفیہ اداروں کے عدم تعاون پر برہمی کا اظہار کیا۔ اور لوگوں کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی اداروں کو کل تک کی مہلت دیدی۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے کیس سماعت کی۔سماعت کے دورانچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ان لواحقین کو اس وقت صبر آئے گا جب ان کے پیارے گھروں تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور پولیس کے اعلی احکام کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔چیف جسٹس نے ڈی آئی جی پولیس سے کہا کہ کل تک لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو تمام افسر معطل ہوں گے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے غلط بیانی پر تحقیقاتی افسر عبدالقادر کی گرفتاری کا حکم دیا۔عدالت نے مزید کہا کہ صوبائی وزیرداخلہ کو کل عدالت میں بلائیں، اگر وزیر داخلہ نہیں آتے ہیں تو ان کیخلاف کیس درج کیا جاسکتا ہے۔کیس کی مزید سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم پر اعتماد اور جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی قراردادیں منظور ہونے پروزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی کو مبارکباد دی ہے۔قومی اسمبلی میں قرار داد منظور ہونے کے بعد ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 18کروڑ عوام کے ایوان نے وزیر اعظم پر اعتماد کردیا ہے۔ دوسری طرف وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی قرارداد پاس کرنے پر قومی اسمبلی کو مبارکباد دی ہے۔ایوان وزیر اعظم سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے کی حمایت کرنے پر سیاسی رہنماو¿ں کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا سرائیکی عوام کا مطالبہ ہے اور قومی اسمبلی کی قرار داد سے اس مطالبے کو پوا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے خود پر اظہار اعتماد کرنے پر بھی ایوان کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے سپریم کورٹ سے شریف بردارن کی مبینہ منی لانڈرنگ کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ رحمان ملک نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف شہنشاہ جھوٹ ہیں،انھوں نے کہا کہ شریف برادران 3 ارب 90 کروڑ روپے ہڑپ کرگئے ہیں ،انکی 32ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کے متعلق بات کیوں نہیں کی جاتی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ عدالت کو شریف برادران کی منی لانڈرنگ سے متعلق از خوٹس لینا چاہیے۔رحمن ملک کا کہنا تھا کہ شریف برادران کو قوم کے پیسے کا حساب دینا پڑیگا۔

آئی جی سندھ مشاق شاہ نے کراچی کے علاقے لیاری کو کل تک کلئیر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ لیاری آپریشن میں پیشرفت ہوئی ہے، اس وقت لیاری کی آفشانی گلی میں کارروائی جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ لیاری آپریشن کل تک ختم ہوجائے گا۔انکا کہنا تھا کہ لیاری آپریشن میں پولیس کے پانچ اہلکار شہید اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔آئی جی سندھ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ لیاری میں طالبان شرپسندوں کے ساتھ ملکر لڑ رہے ہیں۔

قومی توانائی کانفرنس کی سفارشات کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے بعد صوبہ سندھ میں بھی ہفتے میں دو تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں ہفتے اور اتوار کے روز تعطیل ہوا کرے گی، جبکہ صوبے بھر میں بازار ساڑھے آٹھ بجے بند کردیئے جائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح نو سے شام پانچ بجے تک ہوں گے۔واضح رہے کہ اب تک پنجاب حکومت کی جانب سے ہفتے میں دو تعطیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءنے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم جونیئر ایشیا کپ جیت کر وطن لوٹے گی۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قاسم ضیاءکا کہنا تھا کہ جونئیر ایشیا کپ کے لئے سینئر پلیئرز کی شمولیت سے قومی ٹیم مضبوط ہوئی ہے اور یہ ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صدرپی ایچ ایف نے کہا کہ متنازع باغی لیگ کھیلنے والے سات پاکستانی پلیئرز کے مستقبل کا فیصلہ سات مئی کوکیا جا ئےگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *