PPI News Bulletin 1800 پی پی آ ئی نیوز بلیٹن

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی ، اسلم گل کی شکست میں پیپلز پارٹی کے کچھ ارکان ملوث ہیں جنہیں سامنے لایاجائے گا۔ اسلم گل سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے صدرزرادی کا کہنا تھا کہ اسلم گل پارٹی کے پرانے اور مخلص کارکن ہیں ،پیپلز پارٹی میں اسلم گل کی شکست کا سخت نوٹس لیاگیا ہے اور تحقیقات کے بعد وفاداری تبدیل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔

مسلم لیگ (ق) کے نومنتخب سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ اسلم گل کی شکست میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی جس میں ن لیگ اور ق لیگ نے اہم کردار ادا کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی صفوں میںموجود غداروں کا نوٹس لینا ہوگا ۔ا نہوں نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن میں ن لیگ نے پیپلز پارٹی کے 12ووٹ جبکہ ق لیگ نے پیپلز پارٹی کے دس ووٹ خرید کر محسن لغاری کودئیے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلم گل کے ساتھ زیادتی ہوئی انہیں انصاف کے لیے سپریم کورٹ جانا ہوگا جبکہ پیپلز پارٹی کو اپنے غداروں کے خلاف کارروائی کرنے چاہئے۔

وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے ریڈ وارنٹ انٹرپول کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ اسلام آباد پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ ناراض بلوچ رہنماؤں کے مقدمات ختم کرنے کے وعدے پر قائم ہوں ایسے مقدمات جو ریاست نے قائم کئے وہ ختم کردیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صرف اڑتالیس افراد لاپتہ ہیں۔ایک سوال کے جواب پر رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی امریکی غیرقانونی طور پر رہائش پذیر نہیں ہے تمام امریکی افراد قانونی طریقے سے یہاںموجود ہیں اس ضمن میں پھیلائی گئی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی سے افواہ ساز فیکٹریوں کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔

جمعیت علماءاسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ فوج کا ایک دن کا بجٹ اٹھارہ کروڑ عوام کے تعلیمی بجٹ کے برابر کیوں ہے۔ سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فوج، خفیہ اداروں ، بیوروکریسی سمیت دیگر اداروں کے وجود سے ہمیں انکار نہیں لیکن ہمیں اداروں کے اخراجات سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کا ایک دن کا خرچہ ہمارے صحت کے سالانہ بجٹ کے برابر ہے ، قوم کو اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے ۔جمعیت علماءاسلام کے سربراہ نے مزید کہا کہ برطانیہ کے بعد ہم امریکی غلامی میں چلے گئے ہیں لیکن جس طرح برطانیہ سے آزادی حاصل کی اسی طرح امریکا سے بھی آزادی حاصل کرلیں گے۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملکی مفاد کے لیے ایک جگہ بیٹھ سکتے ہیں لیکن اقتدار کے لیے ن لیگ سے اتحاد نہیں ہوسکتا۔ اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پر آمروں کاساتھ دینے کا الزام عائد کرنے والے نواز شریف کو خود ایک آمر اسمبلی میں لے کر گیا تھا۔ انہوں نے نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ پہلے وہ خود قوم سے معافی مانگیں پھرہم سے معافی کا تقاضا کریں۔

سہ ملکی کر کٹ ٹورنامنٹ کے پہلے فائنل میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 15رنز سے شکست دیدی۔ سہ ملکی سیریز کے پہلے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو جیت کیلئے 322 رنز کا ہدف دیا تھا۔ برسبین میں جاری سیریز کے پہلے فائنل میچ میں میزبان ٹیم آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جوابی بیٹنگ میں سری لنکا کی ٹیم 306 رنز پر آوٹ ہو گئی۔اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹوٹل اسکورکو 321 رنز تک پہنچایا۔ انہوں نے کیرئیر کی پہلی سنچری مکمل کرتے ہوئے 163 رنز کی اننگز کھیلی۔ میتھیو ویڈ 64 رنز کیساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ مائیکل کلارک 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی طرف سے کولسیکارا 73 اور تھرانگا 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ ہسی نے 4 جبکہ واٹسن اور بریٹ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *