PPI NEWS Bulletin 1700 پی پی آئی نیوز بلیٹن

ہیڈ لائنز:۔

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، آئندہ انتخابات آئین کے مطابق وقت پر ہونگے، صدر زرداری
بے نظیر بھٹو کی 5 ویں برسی، گڑھی خدابخش میں پیپلزپارٹی کا جلسہ جاری
محترمہ بے نظیر بھٹو کا ایک قاتل ڈرون حملے میں مارا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات کا دعویٰ
کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی حکومت کو مشروط جنگ بندی کی پیشکش
دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ اتوار تک کرلیا جائے گا، بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ
اور
ون پاﺅنڈ فش گا کر شہرت حاصل کرنے والے شاہد نذیر لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

خبروں کی تفصیل:۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، آئندہ انتخابات آئین کے مطابق وقت پر ہونگے اور نئے وزیر اعظم سے وہ خود ایوان صدر میں حلف لیں گے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر آج گڑھی خدا بخش میں صدر آصف زرداری خطاب کریں گے۔ خطاب کے متوقع متن میں صدر کا کہنا ہے کہ کسی صورت میں انتخابات ملتوی نہیں ہوں گے اور نہ ہی کسی صورت میں قبل از وقت ہوں گے۔ متن کے مطابق صدر کا کہنا ہے کہ شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کیلئے انتظامی مکینزم مکمل ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن پوری طرح سے آزاد ہے۔ متوقع خطاب میں انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر اپوزیشن سے اتفاق رائے کے بعد کیا گیا ہے، ووٹر لسٹوں سے جعلی ووٹ نکال دیئے گئے ہیں اور جعلی پولنگ اسٹیشنز کو ختم کر دیا گیا ہے۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ جو بھی انتخابات میں کامیاب ہوگا اسی کو آئندہ حکومت کا حق ہوگا۔

پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پانچویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب شروع ہوچکی ہے جس سے بے نظیر کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے کارکن گڑھی خدا بخش پہنچ چکے ہیں اور وہ اپنی محبوب قائد کے مزار پر حاضری دینے کے بعد قرآن خوانی کر رہے ہیں جبکہ سندھ سے آنے والے قافلے آج گڑھی خدا بخش پہنچیں گے۔اس موقع پر کارکنوں کا جوش قابل دید تھا۔ برسی کی تقریب میں صدر آصف زرداری، وزیر اعظم راجا پرویز اشرف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ، بختاور اور آصفہ سمیت پیپلز پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت شریک ہے۔ تعزیتی جلسہ سے صدر آصف علی زرداری خطاب کریں گے جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کریں گے۔ برسی کی تقریب کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سات ہزار پولیس اور ایک ہزار رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔بے نظیر کی برسی پر سندھ اور بلوچستان میں آج عام تعطیل ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا ایک قاتل ڈرون حملے میں مارا گیا جب کہ باقی جیل میں ہیں۔سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مسائل کا واحد حل مذاکرات ہی ہیں، انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت مفاہمت کی پالیسی پر گامزن ہے اورہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جس کے بعد آئین کے مطابق عبوری حکومت قائم کر کے مقررہ وقت پر انتخابات کرائے جائیں گے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو مشروط جنگ بندی کی پیشکش کر دی۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایک خط میں حکومت کے سامنے جنگ بندی کےلئے شرائط رکھ دی ہیں، خط میں کہا گیا ہے کہ آئین سے وہ تمام قوانین ختم کئے جائیں جو اسلام مخالف ہیں، آئین کو قرآن وسنت کی روشنی میں دوبارہ لکھا جائے، ہمیں پاکستان سے پیار ہے مگر ملک سے پہلے مذہب ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں نیا آپریشن ناکام رہے گا اور ان طالبان کو بھی لڑنے پر مجبور کیا جائے گا جو امن کو ترجیح دیتے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور جی یو آئی کے خلاف نہیں ہیں لیکن ان جماعتوں کو بھی سوچ سمجھ کر بیانات دینے چاہئیں، جبکہ اے این پی اگر اپنی امریکی حمایتی پالیسیوں پر معافی مانگے تو ان کی مخالفت چھوڑنے کوتیار ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے انہیں کچھ تحفظات ہیں، حتمی فیصلہ اتوار کو کیا جائے گا۔ڈھاکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر کا کہنا تھا کہ وہ دورہ پاکستان کی مناسبت سے اعلیٰ شخصیات سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اس حوالے سے حکومتی رہنمائی اہمیت کی حامل ہے اسی وجہ سے وہ ابھی حتمی طور پر دورہ پاکستان کے حوالے سے بتانے کی پوزیشن میں نہیں۔ناظم الحسن نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس ان کے فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہو سکتی اور کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔

برطانیہ میں گانا گا کر مچھلیاں فروخت کرنے سے شہرت پانے والے پاکستانی ون پاو¿نڈ فش مین، شاہد نذیر لندن سے ملک واپس پہنچ گئے۔لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد نذیر کا کہنا تھاکہ انہیں برطانیہ سے ڈیپورٹ نہیں کیا گیا بلکہ وہ فرانس کا ویزا لگوانے پاکستان آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ دو ہفتے بعد فرانس کےلئے روانہ ہوں گے اور وہاں اپنے نئے گانے کی ریکارڈنگ کروائیں گے۔ ون پاو¿نڈ فش مین کاکہنا تھاکہ اب وہ اپنی فیملی کو بھی ساتھ لے جائیں گے۔یادرہے کہ ون پاو¿نڈ فش پاکستانی گلو کار کو برطانوی حکام نے 23 دسمبر کو ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد ملک چھوڑنے کاحکم دیا تھا۔